جہلم (اختر شاہ عارف)شاندار چوک کا شمار جہلم کی مصروف ترین اور بارونق جگہوں میں ہوتا ہے۔ شہر کے مرکز میں ہونے کی وجہ سے یہاں چھاؤنی ،ریلوے روڈ،اور جہلم کے قریبی علاقوں کے لوگوں کا یہاں خریداری وغیرہ کے لیئے آنے جانے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔اسی چوک میں موبائل مارکیٹس،بیکریز ہسپتال ،بینکس،اور دیگر مارکیٹس ہونے کی وجہ سے یہاں لوگوں کی آمد و رفت کے ساتھ ساتھ گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں،چنگ چی اور کاروں وغیرہ کی اتنی بھیڑ ہوتی ہے۔کہ پیدل چلنے والوں کو چلنا مشکل ہو جاتا ہے۔شاندار چوک سے سول لائنز روڈ پر لڑکوں اور لڑکیوں کے ہائی سکولز اور کالجز کے علاوہ بینک،شاپنگ پلازہ اور خرید وفروخت کے بڑے مراکز بھی ہیں۔اس چوک میں اتنی بھیڑ ہوتی ہے۔کہ کھوے سے کھوا چھلتا ہے۔سکولوں اور کالجز میں جب چھٹی ہوتی ہے۔تو طلباء وطالبات کو ٹریفک کے اس اژدہام میں گزرنا محال ہو جاتاہے۔موٹر سائیکلوں،چنگ چی،کاروں اور گاڑیوں والے ایک دوسرے سے پہلے نکل جانے کی دھن میں اکثر ٹریفک یوں بلاک کر دیتے ہیں۔کہ سول لائنز،شاندار چوک، ریلوے روڈ،اور جی ٹی ایس چوک تک گاڑیوں،کاروں،موٹر سائیکلوں اور چنگ چی رکشوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔کچھوے کی رفتار سے رینگتی ہوئی اس ٹریفک میں منٹوں کا سفر گھنٹوں کی مسافت بن جاتا ہے۔سب سے زیادہ تکلیف دہ اور افسوس کی بات تو یہ ہوتی ہے۔کہ سول لائنز،فریشکو بیکری،گنبد والی مسجد،شاندار چوک،ریلوے روڈ اور جی ٹی ایس چوک میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی کثیر تعداد ڈیوٹی پر ہوتی ہے۔مگر وہ اس ٹریفک کو بحال کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنے لا تعلق سے کھڑے نظر آتے ہیں۔انتظامیہ سے گزارش ہے کہ مہر بانی فرما کر اپنے دفاتر سے باہر نکل کر ٹریفک اس اژدہام کو بھی اپنی نظروں سے دیکھ لیں۔اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی ہدایت کریں کہ ٹریفک کی روانی کو ہمہ وقت بحال رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔کسی وقت شاندار چوک میں الیکڑک ٹریفک سگنلز ہوا کرتے تھے۔مگر مدتوں سے نجانے کن وجوہات کی بنا پر یہ سگنلز یہاں سے ختم کر دیئے گئے ہیں۔کیا ہی اچھا ہو کہ شاندار چوک اور جی ٹی ایس چوک میں الیکٹرک ٹریفک سگنلز نصب کر دیئے جائیں۔اس طرح ٹریفک کی روانی میں بہت زیادہ بہتری آئے گی۔
