پی ڈی ایم کی مرکزی کے ساتھ ساتھ وہاڑی کی مقامی قیادت بھی عمران خان اور طاہر اقبال چوہدری کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے

Spread the love

وھاڑی رپورٹ عارف چودھری

پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ جنوبی پنجاب کے صدر و سابق چیئرمین سجاد خان کھچی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی مرکزی کے ساتھ ساتھ وہاڑی کی مقامی قیادت بھی عمران خان اور طاہر اقبال چوہدری کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور پی ٹی آئی کی سکیموں کو میڈیا میں اپنی سکیمیں قرار دے کر اپنی خفت مٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندگان کو وہاڑی شہر کے لئے ایک ارب سے زائد کے میگا پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین بلدیہ شیخ محمد حسین سلیم، چئیرمین مارکیٹ کمیٹی عبدالحنان خان بدھ، صدر انجمن آڑھتیان رانا عمران الحق، جنرل سیکرٹری احتشام الحق گوشی اور سٹی کونسلرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سجاد خان کھچی نے مزید کہا کہ وہاڑی شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی ہمیشہ طاہر اقبال چوہدری کی اولین ترجیح رہی ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ ایم این اے طاہر اقبال چوہدری، زاہد اقبال چوہدری اور رائے ظہور احمد کھرل کی مسلسل کوشش سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ان سکیموں کی منظوری دی تھی۔ پہلے فیز میں وہاڑی میں اس سکیم (پی سی پی) کے تحت اور پی ایم ڈی ایف سی کے تعاون سے اس پانچ سالہ پروگرام کے تحت واٹر سپلائی اور دیگر سکیمیں وہیکل چیسز اور مشنری وغیرہ کا افتتاح کیا تھا۔ اب دوسرے مرحلے میں 15 سو ملین روپے کی لاگت سے سڑکوں اور دیگر سکیموں کا باقاعدہ افتتاح آج وزیر بلدیات میاں محمودالرشید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اب پی ڈی ایم کی حرکتوں سے باخوبی آگاہ ہے۔ اس لئے ان کے جھوٹ در جھوٹ کا پول کھل چکا ہے۔ انشاءاللہ طاہر اقبال چوہدری اور زاہد اقبال چوہدری کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا اور مخالفین ہمیشہ کی طرح وہاڑی دشمنی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی پی کے تحت وہاڑی کے لئے سکیموں کی منظوری کا سہرا طاہر اقبال چوہدری کے سر ہے اور رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں