ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس

Spread the love

جہلم (اختر شاہ عارف)ایم سی ڈبلیو اے (میٹرنٹی اینڈ چائیلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن) رجسٹرڈ المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس گلشن حقیق ہال المرکزجہلم میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت ڈاکٹر حفصہ عابد نے حاصل کی۔جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کیا۔جس کے بعد اجلاس کے تمام شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد ڈاکٹر محمد اسد مرزا سمیت تمام بیماروں کی صحت یابی کیلئے دعا اور ادارہ المرکز کے مرحومین سمیت تمام مرحومین بشمول سیلاب میں جان کی بازی ہار جانے والوں کی مغفرت کیلئے دعا مانگی گئی۔اس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔سیدہ شاہدہ شاہ جنرل سیکرٹری ایم سی ڈبلیو اے نے گزشتہ ماہ کے اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔کرنل(ر) محمد عبید مرزا فنانس سیکرٹری ایم سی ڈبلیو اے نے فنانس رپورٹ پیش کی۔ڈاکٹر حفصہ عابد نے ایم سی ایچ سنٹر کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ماہ ستمبر2022ءمیں کل چھتیس خواتین مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں فری ادویات دی گئیں۔جبکہ دو خواتین کو فری الٹراساؤنڈ کے لیئے ریفر کیا گیا۔سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ اور کرنل (ر) محمد عبید مرزا نے سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم منانے کے ساتھ ساتھ ان کی سیرت کو بھی اپنے لیئے مشعلِ راہ بنانا چاہیئے ۔تبھی آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا حق ادا ہو گا۔گزشتہ ماہ ستمبر میں سی ڈی سی اور ایم سی ڈبلیو اے المرکزجہلم کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ منیر شہید سکول جہلم کینٹ میں ڈینگی سے آگاہی پروگرام،میڈیکل کیمپ اور شجر کاری مہم کے حوالے سے ہونے والے پروگرام کے بارے میں ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی کامیاب پروگرام تھا۔اسی حوالے سے ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور ڈاکٹر شاہد تنویر نے اس بات کا اعادہ بھی کیا۔کی گورنمنٹ منیر شہید سکول کے مستحق بچوں کو جلد ہی سکول یونیفارم مہیا کیئے جائیں گے۔اکتوبر2022ءمیں المرکزجہلم کی ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ اور ڈاکٹر حفصہ عابد نے یہ تجویز پیش کی کہ اس مہینے بریسٹ کینسر کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام ترتیب دیا جائے۔جس کے لیئے تجربہ کار ڈاکٹر کی خدمات حاصل کی جائیں۔تمام شرکاء نے اس تجویز کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اس تجویز کو منظور کر لیا۔اس ماہانہ اجلاس میں ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور سیدہ شاہدہ شاہ نے یہ نکتہ اٹھایا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایم سی ڈبلیو اے کے ممبران میں اضافے کے لیئے نئی ممبر شپ کا آغاز کیا جائے۔چنانچہ تمام شرکاء نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اس کی بھرپور تائید کی۔
آخر میں ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے جو حال ہی میں تین بار سیلاب زدہ علاقوں میں جا کر وہاں متاثرین میں بھاری امدادی سامان تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں فری میڈیکل کیمپ بھی لگا چکی ہیں۔انہوں نے وہاں کے متاثرین سے متعلق اپنے تاثرات بیان کیئے۔اجلاس کے تم شرکاء نے ان کی ان انسان دوستی اور خدمات کو بہت سراہا۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کی پرتکلف چائے پارٹی سے تواضع کی گئی۔جس کی میزبانی کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے کی۔اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈاکٹر عائشہ مرزا،تہمینہ گل چوہدری،مصباح ڈار اور سید اختر علی شاہ شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں