جہلم کے اکثر بینکوں اور اے ٹی ایم کی ناقص اور بد ترین کارکردگی

Spread the love

جہلم (اختر شاہ عارف) جہلم کے بہت سارے بینکوں اوران کے اے ٹی ایم (آٹومیٹک ٹیلر مشین)کی ناقص اور بد ترین کارکردگی کی بدولت شہریوں کو بے حد مشکلات کا سامنا ہے۔بہت سارے اے ٹی ایم میں جب کوئی اکاؤنٹ ہولڈر اے ٹی ایم کارڈ داخل کرتا ہے ۔تو نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ کارڈ مشین کے اندر ہی پھنس جاتا ہے ۔اگر بینک کھلے ہوئے ہوں ۔اور ان کے عملے سے شکایت کی جائے تو بڑی شان بے نیازی سے جواب دے دیا جاتاہے کہ انجینئر صاحب کو بتا دیا جائے گا۔اب انجینئر صاحب نے کہاں سے آنا ہوتا ہے۔کب آنا ہوتا ہے یا ان کے ڈیوٹی ٹائمز کیا ہوتے ہیں۔اس کے بارے میں کوئی کچھ نہیں بتاتا۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ان اےٹی ایم مشینوں میں اکثر پیسے بھی نہیں ہوتے۔بینک کے اوقات کار میں تو ان کے پاس یہ جواب ہوتا ہے کہ ابھی اے ٹی ایم مشین میں پیسے ڈال رہے ہیں۔یا ڈالنے والے ہیں ۔مگر اوقات کار ختم ہونے کے بعد یہ بتانے والا کوئی نہیں ہوتا۔بس اے ٹی ایم مشین کو ڈبل تالے لگے دیکھ کر اکاؤنٹ ہولڈر یہ سمجھ لیتا ہے کہ اے ٹی ایم میں پیسے نہیں ہیں۔ یا اے ٹی ایم خراب ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔۔
جو بھی اکاؤنٹ ہولڈر دو سے تین ہزار روپے سالانہ اے ٹی ایم کارڈ کی مد میں ادائیگی کرتاہے ۔وہ صرف اسی وجہ سے کرتا ہے۔کہ ایمرجنسی کی صورت میں وہ وقت بے وقت اے ٹی ایم سے پیسے نکلوا سکے۔مگر جب اے ٹی ایم کی کارکردگی یہ ہو کہ وہ خراب ہو یہ مقفل ہو ۔تو پھر اے ٹی ایم کارڈ کا مصرف تو بےمعنی ہو کر رہ جاتا ہے۔
علاوہ اذیں یہ شکایت بھی عام ہوچکی ہے۔کہ اے ٹی ایم اور بینکوں سے لینے والی رقوم میں اکثر چھوٹی اور بڑی مالیت کے کرنسی نوٹ جعلی ہوتے ہیں۔عام آدمی کو اصلی اور جعلی نوٹوں کی پہچان نہیں ہوتی۔مگر بینکوں کے عملے اصلی اور نقلی نوٹوں کو بخوبی پہچان لیتے ہیں۔یہ ان ہی کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ نہ صرف اے ٹی ایم میں کرنسی نوٹ اچھی طرح چیک کر کے ڈالیں بلکہ بینکوں میں آنے والوں کو بھی کیش دیتے وقت اصلی اور نقلی نوٹوں کو بالخصوص بڑی مالیت کے نوٹوں مثلاً پانچ ہزار کی مالیت کے نوٹوں کو اچھی طرح سے چیک کر لیا کریں۔کیونکہ اکثر پانچ ہزار کے نوٹوں کے جعلی ہونے کی ہی شکایات ہوتی ہیں۔
تمام شہریوں کا ارباب اختیار سے یہ مطالبہ ہے۔کہ وہ اس مسلئے پر فوری طور پر اور بھر پور طریقے سے توجہ دیں۔تا کہ لوگ اے ٹی ایم کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ جعلی نوٹوں سے ہونے والے مالی نقصان سے بھی بچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں