ترک و پاکستانی قونصل جنرلز نے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر آف لوڈنگ و منتقلی کا جائزہ لیا۔
نیو یارک:(انٹرنیشنل ڈسک)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی مسلم آفیسرز سوسائٹی نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ ترکش ایئر لائن کے ذریعے پاکستان روانہ کر دی ہے۔ اگلی کھیپ میں 20 سے 22 ٹن سامان روانہ کیا جائے گا مسلم آفیسرز سوسائٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔بین الاقوامی گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ تفصیلات کے مطابق این وائی پی ڈی میں مسلمان افسران کی نمائندہ تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی نے مختلف شہروں سے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے جمع کیا ہوا امدادی سامان اپنے رضاکاروں کے ذریعے نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے کارگو سکیشن تک پہنچایا۔ اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل ریحان ازغور اور پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے امدادی سامان کی آف لوڈنگ و منتقلی کا جائزہ لیا جبکہ مسلم آفیسرز کے صدر ڈپٹی انسپکٹر عدیل رانا نے انہیں اپنی تنظیم کی حالیہ سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ترک قونصل جنرل ریحان ازغور نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ مسلم آفیسرز سوسائٹی کے اس اقدام نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے سب کو اکھٹا کیا ہے۔اور ان کے جذبے کو دیکھتے ہوئے ترکش ائیر لائن نے تمام امداد سامان بغیر کسی کارگو سروس چارجز کے پاکستان پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔اس مشکل وقت میں ہر ممکن امداد کریں گے جبکہ قونصل جنرل عائشہ علی نے برادرانہ ملک ترکی کا شکریہ ادا کیا انکا کہنا تھا کہ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔اس موقع پر مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر عدیل رانا اور سیکنڈ وائس پریزیڈنٹ کا کہنا تھا کہ لباس، ادویات، پی پی ای، ہائی جین، اور ضروری اشیا پر مشتمل امدادی سامان کی یہ پہلی کھیپ ترکش ایئر لائن بغیر کسی کرائے کے کراچی پہنچائے گی۔آئندہ دنوں میں مزید 20 ٹن سامان روانہ کریں گے۔ترکش ایئر لائن کی یہاں نیو یارک سے پاکستان کیلئے روزانہ پروازیں جاتی ہیں لیکن ہم ان پر زیادہ بوجھ بھی نہیں ڈالنا چاہتے کارگو سروس میں جب جتنی گنجائش دستیاب ہوگی اسکے مطابق امدادی سامان روانہ کرتے رہیں گے۔ امدادی سامان کی پہلی کھیپ کی روانگی کی موقع پر نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کیلئے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے پہلے سنیئر ایڈوائزر احسن چغتائی، ڈپٹی پبلیک ایڈوکیٹ کاشف حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ احسن چغتائی کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے میئر آفس سے جلد بڑا اعلان سامنے آئے گا۔ پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امریکا میں مقیم مسلمان کوشش کر رہے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی بہن بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔
