لمبے روٹس پر چلنے والی ویگنوں اور بسوں کی من مانیاں اور غنڈہ گردی

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف) لمبے روٹس خصوصاً راولپنڈی سے لاہور اور لاہور سے راولپنڈی جانے والی بسوں اور ویگنوں کی من مانیاں اور غنڈہ گردی اپنے پورے عروج پر ہے۔یہ راولپنڈی کھنہ پل سٹاپ سے اور جہلم کینٹ چوک اور جادہ بس سٹاپ سے سواریاں بٹھا لیتے ہیں۔اور انہیں یہ قسمیں قرآن اٹھا کر یقین دلاتے ہیں کہ وہ انہیں ان کے مطلوبہ سٹاپ پر ہی اتاریں گے۔وہ انہیں یہ بھی یقین دہانی کراتے ہیں۔کہ وہ سواریاں نہ ہونے کا بہانہ کر کے نہ تو انہیں کسی دوسری بس یا ویگن کے ہاتھوں”بیچیں”گے اور نہ ہی کسی سٹاپ پر روک کر انہیں آگے نہ جانے کا کہہ کر اتار کر بےیارومددگار لاوارثوں کی طرح آدھے راستے میں چھوڑ جائیں گے۔سواریاں ان کی قسموں قرآنوں پراور سامنے لگے ہوئے روٹ بورڈ،جس پر “راولپنڈی تا لاہور” اور “لاہور تا راولپنڈی نان سٹاپ” جیسے الفاظ لکھے ہوتے ہیں ان پر یقین کر کے جب بیٹھ جاتی ہیں۔تو منہ مانگے کرائے لے کر انہیں راستے میں ہی سواریاں نہ ہونے کا بہانہ کر کے اپنے کسی بھائی بند ویگنوں بسوں والے کے ہاتھ بیچ دیتے ہیں۔یا راستے میں ہی اتار دیتے ہیں۔اور جب کوئی سواری اعتراض کرتی ہے۔تو وہ فوراً یہ مطالبہ کر دیتے ہیں کہ فی سواری اتنے پیسے اور دے دو۔پھر آپ کو آگے لے کر جائیں گے۔اگر کسی سواری کے ساتھ خواتین اور بچے ہوں،یا کوئی مریض ہو،یا پھر اپنی سرکاری ڈیوٹی کے سلسلے میں بر وقت پہنچنا ضروری ہو۔تو وہ تو ان کی بلیک میلنگ کا شکار ہو کر ان کے مطالبات پورے کر دیتے ہیں۔مگر جن سفید پوش لوگوں کے پاس بمشکل پورا پورا کرایہ ہی ہوتا یے۔وہ ان کا ناجائز مطالبہ نہ مان سکنے کی پاداش میں کسی ویران سی جگہ پر اتار دیئے جاتے ہیں۔یہ ایک ویگن کی نمبر پلیٹ ہے۔جو 14-اکتوبر2022ءبروز جمعہ راولپنڈی سے چلی۔اس نے “راولپنڈی تا لاہورنان سٹاپ”روٹ کا بورڈ لگا یا ہوا تھا اس ویگن میں خواتین اور ایک حاملہ عورت بھی سوار تھی۔ویگن ڈرائیور اور کنڈکٹر نے حسبِ عادت قسمیں قرآن کھا کر انہیں یہ یقین دلایا۔کہیہ ویگن نہ تو راستے میں کسی اور گاڑی والے کے ہاتھوں اپنی سواریاں”بیچے” گیاور نا ہی یہ راستے میں غیر ضروری سٹاپ کر کے مزید سواریوں کا لالچ کرے گی۔مگر اس نے کھنہ پل سے نکلتے ہی جگہ جگہ ویگن روک کر سواریوں کا انتظار کرنا شروع کر دیا۔سواریوں کے احتجاج کے باوجود ان کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔سوہاوہ سے پیچھے ہی ڈرائیور نے کسی غیر معروف اور ویران سی جگہ پر ویگن کو روک لیا اور کہا کہ اس کا کوئی عزیز بیمار ہو گیا ہے۔اسے واپس جانا یے۔اس لیئے سواریاں اتر جائیں۔وہ ان کو کسی اور گاڑی میں بٹھا دے گا۔گھنٹہ بھر کے انتظار کے بعد بھی جب ڈرائیور کی مطلوبہ گاڑی نہ آئی۔اور ویگن میں سوار چھوٹے چھوٹے بچوں نے رونا شروع کر دیا۔تو سواریوں نے ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا اس پر ڈرائیور نے فوراً پینترا بدلتے ہوئے کہا کہ وہ فی سواری مزید چار چار ہزار روپیہ دیں تو وہ گاڑی آگے بڑھائے گا۔ورنہ یہ گاڑی یہیں کھڑی رہے گی۔اس حاملہ عورت سمیت کچھ خواتین نے یہ سن کر رونا شروع کر دیا۔ اسی اثناء میں کسی نے ہائی وے پولیس کو فون کر کے بلا لیا۔ان کی مداخلت سے ڈرائیور کو پابند کیا گیا کہ وہ تمام سواریوں کو اسی کرائےپر ان کے مطلوبہ سٹاپ پر چھوڑ کر گاڑی جہلم لے جا کر روک دے۔ساتھ ہی ہائی وے کی گاڑی بھی اس ویگن کے ساتھ ساتھ چل پڑی۔ویگن سواریاں ان کے مطلوبہ سٹاپ پر اتارتی ہوئی جہلم جادہ چونگی ہر روک کر خالی کرا لی گئی۔اور ہائی وے پولیس نے اپنے فرائض بہ احسن و خوبی نبھاتے ہوئے نہ صرف اس ویگن کے کاغذات ضبط کر کے اس کا چالان کر دیا۔بلکہ اس ویگن کو بھی تھانے لے جا کر بند کر دیا۔یوں کھنہ پل تا جادہ چونگی تک کا تقریباً دو گھنٹوں کا سفر ایک ڈرائیور اور کنڈکٹر کی غنڈہ گردی کی بدولت چھ گھنٹوں میں رات دس بجے اختتام پذیر ہوا۔
یہ صرف ایک واقعہ نہیں ہے ۔بلکہ ایسے کئی واقعات روزانہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔کرائے نامے آویزاں نہ ہونے کی صورت میں ہر ویگنوں اور بسوں والے اپنے من مانے کرائے وصول کرتے ہیں۔ اورروٹ کارڈ نہ ہونے کے باعث سواریوں کو راستے میں جس جگہ چاہا،دوسری گاڑیوں کے ہاتھوں “بیچ دیتے ہیں ۔اور سواریوں کے احتجاج پر غنڈہ گردی اور بد معاشی پر اتر آتے ہیں۔ضروت اس امر کی ہے کہ ایک تو بسوں اور ویگنوں میں کرائے نامے آویزاں ہوں۔تاکہ سواریوں اور کنڈکٹر کی اس سلسلے میں منہ ماری نہ ہو دوسرے ہائی وے پولیس یا کوئی متعلقہ ادارہ کوئی ایسا نظام ترتیب دے جس کی بدولت راستے میں سواریوں کے ایک گاڑی سے دوسری گاڑی اور دوسری سے تیسری گاڑی والے کے ہاتھوں”بکنے”سے عوام کو نجات مل سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں