جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم ملک کے حالات پچھلے4 سالوں سے انتہائی گھمبیر ہو چکے ہیں، پہلے ملک میں کورونا آیا جس کے باعث کارروبار بند کر دیئے گئے معاشی تباہی ہوئی بعد ازاں جو کارروبار کھلے تو ٹائم فریم دید یا گیا ابھی انتہائی مشکل سے کارروباری حالات سے نکل بھی نہ پائے تھے کہ لانگ مارچ کا ڈنڈھورا پیٹ دیا گیا۔ جس سے جہلم ہی نہیں لاہور سے راولپنڈی کی کارروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ لانگ مارچ تمام تاجروں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہا ہے ہم اپنے کارروبار کیسے کر یں خاص طور پر جہلم اور دیگر شہروں کے تاجروں، مزدوروں، سیلز مینوں، چھوٹے دکانداروں، ریڑھی بانوں، چھا بہ فروشوں کیلئے انتہائی مشکل وقت ہے، کارروبار پہلے ہی نہیں، لانگ مارچ کے خوف سے شہریوں نے گھر وں سے نکلنا چھوڑ دیا تھا، ان خیالات کا اظہار شہر کی تاجر برادری نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اب لانگ مارچ کی وجہ سے راستے بند اور اسلام آباد جو کہ وطن عزیز کا دارالخلافہ ہے کے اردگرد کینٹینرز کھڑے کرکے راستے بند کررکھے ہیں جس سے کارروبار میں مزید نقصان ہو رہا ہے، ملک میں روزگار کے مواقع مہیا کرنے کی بجائے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہورہا ہے، تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کرے تاکہ موجودہ صورتحال سے چھٹکارہ حاصل کرکے ملکی معیشت کو بہتر بنایا جائے۔
