یوٹیلیٹی سٹورز اور عوام کی توہین

Spread the love

جہلم (اختر شاہ عارف)عام تاثر یہی ہوتا ہے۔کہ یوٹیلیٹی سٹورز عوام کو ریلیف دینے میں اہم کردار ادا کیا کرتے ہیں۔یہ سٹورز حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے قائم کرتی ہے۔جہاں سے عوام کو بازاروں کی نسبت نسبتاً سستے داموں اشیائے خوردونوش مل سکتی ہیں۔مگر جہاں اس ریلیف کے بدلے عوام کے ساتھ ان سٹورز کے عملے کی طرف سے توہین آمیز رویئے کا سامنا کرنا پڑے۔ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا جائے۔ان سے بھکاریوں جیسا رویہ اختیار کیا جائے۔انہیں پہروں چلچلاتی دھوپ میں قطاروں میں کھڑے کر کے انہیں انتظار کی سولی پر لٹکائے رکھا جائے۔تو پھر لا محالہ حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھتے ہی ہیں۔یہ تصاویر بھی جہلم شہر کے ایک ایسے ہی حکومت کی زیرِ نگرانی چلنے والے یوٹیلیٹی سٹور کی ہیں۔جہاں خواتین اور مردوں کی لمبی قطاروں کو سٹور کے سامنے بے سائباں اور چلچلاتی دھوپ میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔جہاں”ایک وقت میں ایک بندہ”کی خود ساختہ پالیسی کے مطابق یوٹیلیٹی سٹور میں صرف ایک ہی بندہ داخل ہو سکتا ہے۔ان قطاروں میں جو لوگ اپنی اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں ۔ان میں خواتین بھی ہیں اور مرد بھی،بچے بھی ہیں اور بوڑھے بھی۔جو اس یوٹیلیٹی سٹور کی خود ساختہ پالیسی کے مطابق اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ اب جس بندے نے مہینے بھر کا راشن خریدنا ہو وہ کم از کم اوسطاً آدھا گھنٹہ تو ضرور لگاتا ہو گا۔ کہ اس نے ان چیزوں کو ٹرالی میں ڈالنا،انہیں کاؤنٹر پر لانا،انہیں پیک کروا کر اس کا بل ادا بھی کرنا ہوتا ہے۔یوں ایک بندہ اگر آدھا گھنٹہ لگائے۔تو ایک دن میں کتنے لوگ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اور پھر کھانے اور نماز کے وقفے کو جو کہ کم از کم ایک گھنٹے کا ہوتا ہے کو نکال دیا جائے تو یوٹیلیٹی سٹور کے اوقاتِ کار اور بھی کم ہو جاتے ہیں۔لہذا حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ ہے۔کہ عوام کی ان مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے تا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد یوٹیلیٹی سٹورز کی اس افادیت سے مستفید ہو سکے۔اور کوئی ایسا نظام بھی اپنایا جائے۔جس سے عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز کے سامنے بھکاریوں کی طرح قطاروں میں کھڑے ہو کر اس بات کا انتطار نہ کرنا پڑے کہ ایک بندہ یوٹیلیٹی سٹور سے باہر نکلے گا۔تب اس کی باری آئے گی۔ امید ہے کہ اربابِ اختیار واقتدار اس مسلئے کی طرف بھی توجہ فرمائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں