پی ٹی ائی عوام کو موجودہ امپورٹڈ حکمرانوں سے نجات دلاکر دم لے گی۔نائب صدر پی ٹی ائی بلوچستان
کوئٹہ(نمائندہ عائشہ اکبر)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے نائب صدر عالم کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ ایک گھناؤنی سازش تھی جس کے پیچھے جو لوگ ملوث ہیں ان سے تحقیقات کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے،امپورٹڈ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے پی ٹی آئی عوام کو موجودہ امپورٹڈ حکمرانوں سے نجات دلاکر دم لے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے لانگ مارچ کے دوبارہ آغاز کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کا حتمی مرحلہ شروع ہو چکا ہے اب کی بار مزید پرعزم ہو کر عوامی قافلہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہوگا لانگ مارچ کے شرکاءاور کارکنان کے حوصلے سانحہ وزیر آباد کے بعد مزید بلند ہوئے ہیں اور عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کے حصول تک ڈٹے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کے باوجود ہمت اور حوصلے کی تصویر بنے رہنا اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف میدان عمل میں ڈٹے رہنا یقیناً عمران خان جیسے لیڈر کا ہی طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ روا لپنڈی پہنچنے پر چیئرمین پارٹی عمران خان خود قیادت کریں گے پاکستان کی قسمت کا فیصلہ اب عوام کرے گی،پوری پاکستان قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے عمران خان نے ملک کیخلاف سازش کرنے والے تمام عناصرکوبے نقاب کردیاہے حقیقی آزادی مارچ کے ذریعے پاکستان کو غلاموں سے آزادکرواکررہیں گے۔انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ملک کو سوچی سمجھی سازش کے تحت بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں،وفاقی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں وفاقی حکومت ملک میں خون خرابہ کی سیاست چاہتی ہے پاکستان سیاسی انتشار کا کبھی بھی متحمل نہیں ہو سکتا وفاقی حکومت حقیقی آزادی مارچ میں عوامی سمندر کو نہیں روک پائے گی عمران خان نے صرف صاف اور شفاف انتخابات کے علاوہ حکومت وقت سے کوئی مطالبہ نہیں کیا قوم پر عزم ہے کہ جب تک ملک میں صاف و شفاف عام انتخابات نہیں کرائے جاتے ہم احتجاج ختم نہیں کریں گے۔
