برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا ہاؤس آف لارڈ ز میں مسئلہ کشمیر پر بحث 17 نومبر کو ہو گی

Spread the love

(میرپور/ لندن -رپورٹ عارف چودھری

برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا ہاؤس آف لارڈ ز میں مسئلہ کشمیر پر بحث 17 نومبر کو ہو گی۔ آ ل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹر ی گروپ کے سیکرٹری جنرل لارڈ قربان حسین اس بحث کو سپانسر کریں گے جو کہ ایک گھنٹہ تک جاری رہے گی۔جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، سرپرست اعلی سردار عبدالرحمان خان، سیکرٹری جنرل محمد اعظم، ایڈمن ڈائریکٹر محمد ہیری بوٹا، برطانیہ کی چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر نائلہ شریف، کونسلر صبیحہ خان، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق، سابق میئر اولڈھم کونسلر شعیب اختر، یوتھ ونگ کے چیئر مین ذیشان عارف، لیڈز کے سابق لارڈ میئر کونسلر اصغر خان قریشی، ویسٹ مڈ لینڈز کی چیئر پرسن آسیہ حسین اور دیگر راہنماؤں نے لارڈ قربان حسین کو مبارک باد دیتے ہوئے دیگر پاکستانی، کشمیری اور کشمیر دوست اراکین پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بحث میں حصہ لے کر مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوم کشمیریوں اور بھارت کے مظالم کو بے نقاب کریں تا کہ برطانوی حکومت مغربی اقوام کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ تحریکی عہدیدارو ں نے اس موقع پر کہا کہ وہ اگلے چند دنوں میں ہر شہر اور ہر سیاسی جماعت کے ممبران ہاؤس آف لارڈ ز سے خود بھی رابطہ کر یں گے اور دیگر سیاسی، سماجی اور مختلف جماعتوں کے کونسلروں سے بھی اپیل کریں گہ کہ وہ بھی اپنی اپنی جماعتوں کے اندر اس بحث کی کامیابی کے لئے لابی کریں تا کہ 17 نومبر کو کم از کم پچاس ممبران ہاؤس آف لارڈز بحث میں حصہ لے سکیں۔ تحریکی عہدیداروں نے اس موقع پر آ ل پارٹیزکشمیر پارلیمنٹری گروپ کے تمام عہد یداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بحث کے بعد ہاؤ س آف کامنز میں بھی ایک مفصل بحث کروا کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں برٹش کشمیریوں کی معاونت کریں۔ تحریک کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر برطانیہ میں کام کرنے والی تمام جماعتوں اور سیاسی اکابرین کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ و ہ مسئلہ کشمیر کی سفارتی کاوشوں میں مکمل یکجہتی کا اظہار کر یں اور اپنے اپنے حلقہ اثر میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو موثر کردار ادا کرنے پر آماد ہ کریں تا کہ سفارتی محاذ پر چلنے والی اس مہم کو متفقہ طور پر منظم کیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک حریت کو بیرون ممالک بسنے والے کشمیریوں کی کاوشوں سے حوصلہ افزائی ہو اور انہیں اس بات کا احساس ہو کہ ان کے بہن بھائی بیرون ممالک مقیم رہ کر ان پر ہونے والے ظلم و تشدد اور زیادتیوں کو بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور اس وقت تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے جب تک ریاست جموں و کشمیر کے مقبوضہ علاقے کو آزاد کروا کر پوری ریاست جموں و کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے حکومت پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اپنے اثر و رسوخ سے اس بحث کو کامیاب کروانے میں کردار ادا کریں تا کہ برٹش کشمیریوں کی چلائی جانے والی مہم کے مثبت نتائج حاصل ہو سکیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں