مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خودارادیت کی تحریک میں تارکین وطن کا بڑا کردار ہے,یاسر سلطان

Spread the love

میرپور( عارف چودھری


آزادکشمیر کے وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ یاسر سلطان نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خودارادیت کی تحریک میں تارکین وطن کا بڑا کردار ہے۔تارکین وطن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔راجہ نجابت حسین کو حکومت پاکستان کی طرف سے ملنے والے ستارہ پاکستان ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اس سے دیگر راہنماؤں اور تنظیموں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے عالمی سطع پر مزید کاوشیں کریں گے۔صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں ہی مسئلہ کشمیر حل ہوگا۔تارکین وطن کشمیری اور آزادکشمیر کے عوام بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر حکومت یہاں سابق ڈائریکٹر انفارمیشن محمد رشید چوہدری کی طرف سے جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کو ستارہ پاکستان کا اعزاز ملنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب سے راجہ نجابت حسین،سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ اعظم خان،آل پارٹیز کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین،سابق مشیر حکومت شوکت راجہ ایڈووکیٹ،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ رنگ زیب،سابق میئر ارشد محمود کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
وزیرفزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان نے کہاکہ کشمیری اوورسیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں راجہ نجابت حسین نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے جو خدمات سرانجام دیں اس پر حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ پاکستان عطا کیا ہے جس پر آر پار کے کشمیری انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے دیار غیر میں جاکر مسئلہ کشمیر کو ہرفورم پر اجاگر کیا۔صدر ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی سیاست بھی تحریک آزادی کشمیر کے گرد گومتی ہے انہیں اقتدار سے زیادہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی فکر ہے۔صدر ریاست کے بیرونی ممالک کے کشمیر ایشو کے دوروں کے مثبت نتائج مرتب ہونگے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ نجابت حسین نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے جس انداز میں تحریک آزادی کشمیر کی سفارتی محاذ پر لابی کی ہے اس میں صر ف ہماری تنظیم نہیں بے شمار دیگر تنظیموں کے راہنما اور سیاسی زعما ء شامل ہیں۔ہم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے کیس کو عالمی سطع پر اجاگر کرنے میں اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف موثر جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے پانچ لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھارت کو اس بات پر مجبور کیا ہوا ہے کہ اس نے 9لاکھ سے زائد فوج اور قیدوبند کی صوبتیں دے کر کشمیر لیڈر شپ کو شہید کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے مگر بھارت اپنی ان غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکتا۔ہم بیرون ملک بسنے والے تارکین وطن کی کوششوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ اعظم خان،سابق مشیر حکومت راجہ شوکت ایڈووکیٹ،سابق لارڈ میئر رنگ زیب،سابق میئر ارشد محمود اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے راجہ نجابت کو ستارہ پاکستان کا اعزاز ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ راجہ نجابت حسین کی نہیں بلکہ اہل میرپور کے لیے اعزاز ہے۔مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے اوورسیز کشمیروں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں