بلوچستان،اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے

Spread the love

اعظم سواتی کو آج بروز اتوار چار دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

کوئٹہ(نمائندہ عائشہ اکبر)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیٹر اعظم سواتی کو5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو آج بروز اتوار چار دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔عدالتی میں پیشی کے وقت قاسم سوری سمیت دیگر قائدین بھی عدالت پہنچے، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اقبال شاہ ایڈووکیٹ اور دیگر پیش ہوئے۔
تیسری بار گرفتاری
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اعظم سواتی کو پولیس کی جانب سے تیسری بار گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کو تیسری بار جمعہ دو دسمبر کو بلوچستان پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا۔

گرفتاری کا پس منظر

اعظم سواتی کو پاک افواج کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جب کہ ان پرعوام کو پاک افواج کے خلاف اکسانے کا بھی الزام عائد ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کیخلاف کچلاک ، گوادر ، ژوب اور بلوچستان کے دیگر شہروں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
کچلاک میں مقدمہ عزیز الرحمان نامی شہری کی جانب سے درج کرایا گیا، جس میں پیکا 2016 کی دفعہ 20 اورپاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 131، 504، 500، 501، 505 اور 109 شامل ہیں۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے راولپنڈی میں تقریر کے دوران پاک فوج کے خلاف غلط زبان استعمال کی، اور پاک فوج کے خلاف لوگوں کو اکسایا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر پر بھی اعظم سواتی نے پاک فوج کے خلاف غلط زبان استعمال کی۔ ایف آئی آر میں شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ ذمہ دار شہری ہوں، اعظم سواتی کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کچلاک پولیس تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد تفتیشی افسر کے سربراہی میں ٹیم اسلام آباد پہنچی تھی۔ اعظم سواتی کو سیکیورٹی خدشات کے باعث کچلاک پولیس تھانے کی بجائے کوئٹہ کینٹ پو لیس تھانہ منتقل کیا جائے گا۔ بلوچستان پولیس نے اعظم سواتی کو اسلام باد میں اپنے تحویل میں لیا تھا۔
اعظم سواتی ایف آئی اے سائبر کرائم کے پاس ریمانڈ پر تھے۔ ایف آئی اے نے اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کر رکھی تھی۔دوسری بار انہیں گزشتہ ماہ اتوار 27 نومبر کی صبح اسلام آباد میں چک شہزاد کے فارم ہاؤس سے گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی اے ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ درج مقدمے میں تضحیک اور پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں۔ سابق وفاقی وزیر کے خلاف مقدمہ پیکا 2016 کی دفعہ 20 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ131، دفعہ 500، دفعہ 501، دفعہ 505 اور دفعہ 109 کے تحت درج کیا گیا تھا۔درج مقدمے میں اعظم سواتی کی ٹوئٹس کا حوالہ بھی دیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا کہ اعظم سواتی نے اپنے ویریفائڈ اکاؤنٹ سے متنازع ٹوئٹس کیں۔ مقدمے میں یہ بھی کہا گیا کہ اعظم سواتی نے اپنے بیان سے فوج کے اندر افسران کو ادارے اور سربراہ کے خلاف اکسانے کی کوشش کی۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا تھا کہ اس طرح نام لے کر اور الزام عائد کرنے والی اشتعال انگیز ٹوئٹس ریاست کو نقصان پہنچانے کے لیے مسلح افواج کے افسران کے درمیان تفریق پیدا کرکے بغاوت کی شرارت ہے۔

پیمرا نے پابندی لگا دی

پیمرا کی جانب سے بھی اعظم سواتی کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینیٹر اعظم خان سواتی کی تقاریر، انٹرویوز اور میڈیا ٹاک نشر کرنے پر پابندی عائد کر گئی ہے۔نوٹی فکیشن میں لکھا گیا کہ اعظم سواتی نے گزشتہ روز راولپنڈی میں ایک جلسے کے دوران تقریر کی جس میں انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز باتیں کرنے کے ساتھ ساتھ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عائد کیے اور ٹی وی چینلز نے بغیر کسی کنٹرول کے وہ تقریر نشر کردی۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ اعظم سواتی کی طرف سے کی گئی نفرت انگیز، تہمت آمیز اور اشتعال انگیز تقریر اور ریاستی اداروں کے خلاف بیانات آئین کے آرٹیکل 19 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق پیمرا نے گزشتہ روز کی گئی تقریر کا جائزہ لینے کے بعد اعظم سواتی کی تقاریر، انٹرویوز اور میڈیا ٹاک کسی بھی ٹی وی چینل پر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں