جہلم (اختر شاہ عارف)جہلم شہر میں ٹی ایم اے جہلم کی”مہربانیوں”سے جگہ جگہ فلتھ ڈپو بن چکے ہیں۔اور تو اور اب درس گاہیں بھی ان “مہربانیوں”سے محفوظ نہیں رہی ہیں۔زیر نظر تصاویر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کچہری روڈ جہلم کی ملحقہ دیوار کی ہیں۔تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔کہ دیوار کی بالکل ساتھ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔جبکہ بالکل سامنے سے سڑک گزر رہی ہے۔یہ سڑک ایک انتہائی آباد سڑک ہے جہاں صبح سے لے کر رات گئے تک آنے جانے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔گندگی کے ان بھاری ڈھیروں اور بالکل ساتھ میں گندے اور بدبودار پانی کے بہتے ہوئے نالے سے اٹھتی ہوئی سڑانڈ اور تعفن جہاں ہر گزرنے والے کے لیئے باعث آزاربنا ہوا ہے۔وہاں سکول جو اب خیر سے کالج بھی بن چکا ہے کے طلباء اور ٹیچرز کے لیئے بھی ناگوار اور تعفن زدہ فضا کو جنم دے رہا ہے۔ حیرت کی بات تو یہ ہے۔ کہ درسگاہوں کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں جہاں بھی بارونق اور پر ہجوم جگہیں ہیں۔وہاں ٹی ایم اے کی “مہربانیوں”سے فلتھ ڈپو بن چکے ہیں۔اکرم شہید پارک شاندار چوک اور مسجد افغاناں باغ محلہ جہلم کی مشہور، بارونق اور پر ہجوم جگہیں ہیں۔اکرم شہید پارک تو ایک ایسے شہید کی شہادت کی یادگار ہے۔جس کو پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز”نشان حیدر”ملا تھا۔وہاں بھی فلتھ ڈپو بن چُکے ہیں۔عوام نے انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول کچہری روڈ جہلم،اکرم شہید پارک اور مسجد افغاناں سے ملحق تمام فلتھ ڈپو کہیں اور منتقل کیئے جائیں۔تا کہ فضائی آلودگی اور شہر کی ان بارونق جگہوں پر سے اٹھتے ہوئے تعفن اور ناگوار بدبو کا سد باب ہو سکے۔
