سندھی کلچر ڈے کے موقع پر الحقیق ہال المرکزجہلم میں شاندار تقریب

Spread the love

جہلم (اختر شاہ عارف) سندھی کلچر ڈے کے موقع پر آج الحقیق ہال المرکزجہلم میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس پروگرام کے آرگنائزر پنجاب یونیورسٹی جہلم کے سندھی کیمیونٹی کے “لاء سٹوڈنٹس” تھے جنہوں نے یہ پروگرام سی ڈی سی المرکزجہلم کے تعاون سے پیش کیا۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔اس رنگارنگ اور شاندار تقریب میں لاء سٹوڈنٹس نے صوبہ سندھ اور پاکستان سے والہانہ محبت سے بھرپور نغمات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ صوفیانہ کلام بھی انتہائی خوبصورت آواز اور انداز میں پیش کیا۔انہی لاء سٹوڈنٹس میں ایک سندھی طالبعلم شاعر عبدالصبور نے اپنا سندھی کلام سنایا۔جس کا مفہوم کچھ یوں تھا کہ سندھ (وادی مہران) سے محبت میری رگ رگ میں یوں سمائی ہوئی ہے کہ اگر مجھے دوبارہ جنم لینا پڑے تو میں اللّٰہ سے یہی دعا کروں گا۔کہ اللہ پاک مجھے دوبارہ وادی مہران میں ہی پیدا کرے۔ایک اور لاء سٹوڈنٹ نے مشہور سندھ فنکار الن فقیر کا گایا ہوا صوفیانہ کلام پیش کیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سندھ کی سرزمین کو صوفیاء کی سر زمین بھی کہا جاتا ہے۔یہاں کے باسی دوستانہ مزاج رکھنے والے اور انتہائی پیار کرنے والے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح صوبہ سندھ کے سٹوڈنٹس نے اپنی ثقافت کو آج اجاگر کیا۔اسی طرح پاکستان کے ہر صوبے کے لوگوں کو بھی اپنی ثقافت کو اجاگر کرنا چاہیئے۔کیونکہ قومیں وہی ذندہ رہتی ہیں۔جو اپنی ثقافت سے پیار کرتی ہیں۔جو قومیں اپنی ثقافت کے ورثے کو یاد نہیں رکھتیں۔وہ جلد ہی اپنی شناخت کھو دیا کرتی ہیں۔سندھی کیمیونٹی جہلم کے ان لاء سٹوڈنٹس نے سندھی موسیقی پر صوبہ سندھ کے مشہور ثقافتی رقص بھی پیش کیئے۔اس تقریب میں سی ڈی سی المرکزجہلم کی نمائیندگی ڈاکٹر محمد اسد مرزا،ڈاکٹر شاہد تنویرسابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم،کرنل(ر) محمد عبید مرزا،محمد امین میر،ڈاکٹر مرزا سعد اللّٰہ بیگ،محمد ارشد احمد مرزا،سید اختر علی شاہ،کرنل(ر) غلام ربانی اور آفس سیکرٹری راجہ توقیر احمد نے کی۔جبکہ جہلم کے وکلاء میں سے چوہدری عبد اللطیف ایڈووکیٹ صدر ڈسٹرکٹ بار کونسل جہلم، راجہ شکیل احمد ایڈووکیٹ،جمیل عزیز ایڈووکیٹ،سید طاہر محمود شاہ ایڈوکیٹ،راجہ توقیر احمد ایڈووکیٹ،ملک اختر اعوان ایڈووکیٹ،چوہدری کاشف اسلام ایڈووکیٹ،سید انس رضا ایڈووکیٹ اور توقیر احمد ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔اس کے علاوہ پاکستان کے تمام صوبوں سے آئے ہوئے وکلاء اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس شاندار تقریب میں شرکت کی۔اس تقریب میں شرکاء کو سندھی ثقافت کی روایات کے مطابق سندھی اجرک پیش کی گئیں۔اس پروگرام کو عرفان علی رند،مہدی ڈینو(ڈیانو)،فیروز گل اور کاشف بروہی نے ترتیب دیا تھا۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کو پرتکلف چائے پارٹی دی گئی اور”سندھی کلچر ڈے”کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔جس کے بعد یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں