اسلام آباد میں یوم قائد اور یوم اقبال کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

Spread the love

اقبال کا تصور تاریخ زمان و مکاں سے لا مکاں ہے.ڈاکٹر راشد حمید کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے شعبہ اردو کے زیر اہتمام یوم قائد اور یوم اقبال کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا۔جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ اپنے تزک واحتشام کے ساتھ پیش کیا گیا۔طلباء نے خوبصورت آہنگ میں کلام اقبال پیش کیا۔صدر شعبہ اردو ڈاکٹر فہمیدہ تبسم نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،جامعہ میں ہونے والی علمی، تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی،انہوں نے ادارہ فروغ قومی زبان کی نفاذ قومی زبان کے لیے کاوشوں کو بھی سراہا ، انہوں نے قائد اعظم کی 11 اگست 1947ء کی تقریر کے حوالے سے قومی زبان کی اہمیت اور افادیت پر اظہار خیال کیا.ڈاکٹر وسیم انجم نے اپنے خطاب میں ملک کی ہر جامعہ کے اندر شعبہ اردو اور اقبالیات کے قیام کو وطن عزیز کی شعوری اور فکری ترقی سے تعبیر کیا۔تقریب کے کلیدی خطیب اور ماہر اقبالیات ڈاکٹر راشد حمید نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کے تصور تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، اقبال وہ واحد ایشیائی شاعر ہیں، جنہوں نے اپنی شعر فشانی میں تاریخ کے تصور کو بطور قومی تصویر پیش کیا ہے۔ اقبال کا تصور ایک زندہ تاریخ کا آئینہ کار ہے۔ ان کی شاعری تاریخ اسلام کا جہاں نوحہ ہے۔ وہی ایک حدیث قوم کی متاخر نمائندہ فکر ہے۔تقریب میں مہمان اعزاز میں انچارج کیمپس ڈاکٹر احتشام الحق ، سینئر اساتذہ کرام ڈاکٹر عبدالرشید صدر شعبہ اسلامیات ، ڈاکٹر سید عون ساجد نقوی ، ڈاکٹر سعدیہ طاہر، ڈاکٹر زینت افشاں اور ڈاکٹر ناہید قمر کے علاوہ جامعہ کے پی۔ ایچ۔ ڈی محققین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔تقریب کے آخری دور میں سوالات کے جوابات پیش کیے گئے۔ جامع کی تقریباتی روایات کے مطابق انچارج کیمپس ڈاکٹر احتشام الحق نے مہمان خصوصی جناب راشد حمید ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ فروغ قومی زبان کو لوح یادگار پیش کی۔صدر شعبہ اردو ڈاکٹر فہمیدہ تبسم نے انچارج کیمپس ڈاکٹر احتشام الحق اور ڈاکٹر وسیم انجم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔تقریر کے آخری لمحات بطور اختتامی کلمات بزبانِ نقیبِ تقریب محمد فاروق سے ادا ہوئے ، جن میں انہوں نے تمام مہمانان و شرکاء صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں