کوئٹہ میں پرامن علمائے کرام کی گرفتاری ناقابل برداشت ہے، حافظ عبدالحمید عامر

Spread the love

جہلم( محمد زاہد خورشید) پرامن علمائے کرام کی گرفتاری کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالحمید عامر نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مزید انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے حوالے سے تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے قائدین ملک میں امن کی بالادستی کی بات کرتے ہیں اور وطن عزیز کے مخالف نظریات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ اب ایسے پرامن اور محب وطن علمائے کرام کی گرفتاری ملک کی پرامن فضا کو خراب کرنے کے مترادف ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ مولانا حزب اللہ عثمانی اور ڈاکٹر یحییٰ مدنی ہماری جماعت کے متحرک رہنماؤں میں شامل ہیں، رات گئے ان کی چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گرفتاری سے ملک بھر میں ان کے عقیدت مندوں میں غم و غصہ کی شدید لہر دوڑ چکی ہے۔ ایسے حالات میں ملک کے ماحول کو پرامن رکھنے کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے ان کی بلاجواز گرفتاری کے معاملہ کو نہایت سنجیدگی سے لیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں فوری رہا کیا جائے۔ اس موقع پر مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق، نائب مدیر حافظ عبدالغفور جہلمی،مدیر اُمور داخلی مولانا سعد محمد مدنی، مدیرالتعلیم مولانا عکاشہ مدنی، شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری، مولانا قطب شاہ اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں