تحریر : قاری محمد شہزاد احمد یلدرم
امام و خطیب جامع مسجد اثریہ ٹرسٹ ھسپتال جہلم
آج کی تاریخ تک جتنے بھی فتنے اسلام کی مخالفت میں اٹھے ہیں وہ سب کے سب اپنی موت آپ مر گئے ۔ جیسے مثال کے طور پر اگر ہم صرف پچھلے سال کو ہی لے لیں تو گزشتہ ایک سال میں تین بڑے فتنوں نے جنم لیا اور اہل ایمان کی ذرا سی طاقت و غیرت کے مظاہرے میں یہ تینوں فتنے دفن ہو گئے ۔
الحمدللہ ۔ ان میں سے پہلا فتنہ فیمینزم کا تھا ۔ اپنی ناپاک حرکتوں کی وجہ سے گھروں سے دھتکاری ہوئی اور کفار کے ایجنڈے اور ان کی فنڈنگ پر پلنے والی آنٹیوں نے جب سڑکوں پر نکل کر اپنی ساری غلاظت اور اوقات دکھائی اور پلے کارڈ اٹھا کر جس طریقے سے غلیظ اور بے ہودہ نعرے لگائے جسے لکھنے سے میرا قلم بھی انکاری ہے ۔ ساری دنیا نے بالعموم اور امت مسلمہ نے بالخصوص جب ان فیمنزم کے پجاریوں اور پجارنوں کا گند دیکھا اور پرکھا تو امت مسلمہ نے اسے یکلخت مسترد کر دیا ۔ جب یہ آنٹیاں اپنی شرم و حیا کا جنازہ نکال رہی تھیں ، اس وقت غیرت و ایمان کی طاقت سے بھرپور ہماری اصل مائیں بہنیں اور بیٹیاں باپردہ ہو کر اپنی عفت و عصمت کی پردہ داری کرکے ان غلیظ آنٹیوں کے مقابلے پر نکلیں تو اللہ کے فضل و کرم سے اس کے بعد ان آ نٹیوں کو دوبارہ نکلنے کی جرات نہ ہو سکی ۔کیوں کہ قرآن مجید کا واضح اعلان ہے کہ ان الباطل کان زھوقا کہ بے شک باطل بھاگنے کے لیے ہی آیا ہے ۔ دوسرا بڑا فتنہ ٹرانس جینڈر کا تھا کہ جب اللہ کے فضل و کرم سے اس کے خلاف چند اہل حق نے اپنی آوازیں بلند کی تو یہ فتنہ اپنی موت آپ مر گیا ۔ کیونکہ اہل ایمان کی غیرت والی خوشبو سے ہی بے حیائی اور بے شرمی کی بدبو بھاگ جاتی ہے ۔ تیسرا فتنہ اوپر والے دونوں فتنوں کو پرموٹ کرنے کے لئے بننے والی فلم کا فتنہ تھا جو کہ الحمدللہ کافی حد تک کنٹرول کیا جا چکا ہے ۔
آج ہم جس فتنے پر بات کرنے جا رہے ہیں وہ ہے فتنہ الحاد و لیبرالزم ۔ دراصل اس فتنے کا شکار بڑی تیزی سے ہماری نوجوان نسل ہو رہی ہے ۔ بالخصوص کالجز اور یونیورسٹیز کے سٹوڈنٹس ۔ کیوں کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ اسلام کے مقابلے پر جو بھی فتنہ آئے اس کی اصل نہیں ہوتی وہ فتنہ بے بنیاد ہوتا ہے ۔ اور اس فتنے کی عمارت بظاہر کتنی ہی خوبصورت کیوں نہ ہو یہ تمام عمارتیں بے بنیاد ہوتی ہیں ۔اگر آپ الحاد اور لبرلزم کے فتنے کی تاریخ کی طرف نظر دوڑائیں تو یہ آپ کو معلوم ہوگا کہ الحاد کے بانی ملک فرانس میں جب 1890 میں ملحدین کی پہلی حکومت قائم ہوئی تو تین سال تک جتنی بے دردی سے بلا تفریق رنگ و مذہب و نسل اور بلا تفریق مرد عورت اور بچوں کے جس درندگی سے خون بہایا گیا جو الحاد کے خلاف تھے تو روح کانپ اٹھتی ہے ۔ الحاد کی دوسری بڑی حکومت یو ایس ایس آر رشیا میں سٹالن لینن اور خروشیف نے الحاد کی تاریخ میں جو خون بہایا اور جس طریقے سے انسانیت کی تذلیل کی گئی اس کے اوپر تاریخ گواہ ہے ۔
یہ الحاد کے پجاری اور لبرل ازم کو گلے لگانے والے ہمیں کیا درس اخلاق دیں گے جب کہ ان کی اپنی تاریخ ظلم و سربریت سے بھری ہوئی ہے ۔
کیونکہ ہمارا آج کا موضوع الحاد کی تاریخ نہیں ہے بلکہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی نوجوان نسل کو اس فتنے سے کیسے محفوظ رکھنا ہے ۔ الحاد عربی زبان کا لفظ ہے اور اس کا روٹ ورڈ ہے لحد ۔ اس کا معنی ہے انحراف کرنا ،الٹا چلنا ،کج روی اختیار کرنا ،جان بوجھ کر سیدھی راہ سے ہٹ کر ٹیڑھی راہ لے لینا ، منہ پھیر لینا اور مقابلہ بازی کرنا ۔ لفظ الحاد قرآن پاک میں ایک مرتبہ آیا ہے سورۃ حج آیت نمبر 25 میں
ترجمہ بیشک جن لوگوں نے کفر کا راستہ اختیار کیا اور جو آج اللہ کے راستے سے روکتے ہیں اور مسجد حرام کی زیارت سے لوگوں کو منع کرتے ہیں حالانکہ اس مسجد حرام کو ہم نے سب لوگوں کے لئے بنایا ہے جس میں مقامی اور غیر مقامی سب برابر ہیں اور جو کوئی بھی اس میں الحاد کرتے ہوئے ظلم کا راستہ اختیار کرے گا اسے ہم عذاب الیم کا مزہ چکھائیں گے ۔
اللہ اکبر ! چار مرتبہ قرآن پاک میں اللہ رب العالمین نے ملحدین کا تذکرہ فرمایا ہے پہلا جو میں نے آپ کے سامنے بیان کیا سورۃالحج کے اندر اور دوسری مرتبہ سورۃ الاعراف آیت نمبر 180 میں ۔ تیسری مرتبہ سورۃ النحل آیت مبارکہ 103 میں ۔ اور چوتھی مرتبہ سورۃ فصلت آیت نمبر 40 میں بیان فرمایا ۔
سورۃ فصلت آیت مبارکہ 40 میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں
ترجمہ ! بے شک جو لوگ ہماری آیات کو الٹے معنی پہناتے ہیں یعنی کج روی کا رستہ اختیار کرتے ہیں وہ ہم سے چھپے ہوئے نہیں ہیں خود ہی سوچ لو کہ آیا وہ شخص بہتر ہے جو آگ میں جھونکا جانے والا ہے یا وہ جو قیامت کے روز امن کی حالت میں حاضر ہو گا کرتے رہو جو تم چاہتے ہو لیکن یاد رکھنا اللہ حاکموں کا حاکم تمھاری ساری حرکتیں دیکھ رہا ہے ۔
اگلی آیات مبارکہ میں اللہ تعالی فرماتے ہیں
ترجمہ ! یہ وہ لوگ ہیں جن کے سامنے کلام نصیحت جب بھی آتا ہے تو وہ اس کے ماننے سے انکار کر دیتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک زبردست کتاب ہدایت ہے ۔
سبحان اللہ ! یعنی اس کتاب حکمت کا زبردست ہونا یہ ہے کہ اس میں صداقت کا زور ہے ، علم حق کا زور ہے ، دلیل و برہان کا زور ہے ، زبان اور بیان کا زور ہے بھیجنے والے پروردگار کا زور ہے اور پیش کرنے والے خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کی باکمال شخصیت کا زور ہے بھلا ان کے نہ ماننے اور جھٹلانے سے کوئی اسے نقصان پہنچا سکتا ہے ؟
اگلی آیت مبارکہ میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں
لا یاتیہ الباطل من بین یدیہ
ترجمہ ! باطل اس حق پر غلبہ پانے کے لیے نہیں آ سکتا نہ ہی اس کے سامنے سے اور نہ ہی اس کے پیچھے سے کیوں کہ یہ نازل کرنے والی ذات حکیم اور حمید کی ہے ۔
سبحان اللہ ! میرے محترم قارئین ! اس کا کیا مطلب ہے ؟ ۔۔۔۔۔۔۔ سامنے سے آنے کا مطلب یہ ہے کہ قرآن پر براہ راست حملہ کرکے اگر کوئی شخص اس کی کسی بات کو نعوذباللہ غلط ثابت کرنا چاہے تو اس میں کامیاب نہیں ہوسکتا اور پیچھے سے آنے کا مطلب یہ ہے کہ چھپ چھپا کر حملہ کرے یا سازشوں کے جال پھیلائے یا خفیہ چالیں چلے ، مختصر یہ کہ اس قرآن نے جس چیز کو حق کہہ دیا ہے وہ کبھی بھی باطل ثابت نہیں ہو سکتی ۔ اور جس سے باطل کہہ دیا ہے وہ کبھی بھی حق ثابت نہیں ہو سکتی ۔یعنی ساری علانیا اور خفیہ چالوں کے باوجود یہ ہر میدان میں غالب رہے گا ۔
میرے محترم قارئین کرام ! ہم نے الحاد کا ایک معنی یہ بھی لکھا تھا کہ مقابلہ کرنا ،
کیوں کہ الحاد اور لادینیت کا رستہ اور لبرلزم کی منزل دنیا میں واضح ذلت و رسوائی اور آخرت میں واضح خسارہ ہے ۔
ملحدین کی اسی مقابلہ بازی کی روش کو اللہ رب العزت نے سورۃ المجادلہ کی آیت نمبر 19 ، 20 اور 21 میں بڑے خوبصورت انداز میں بیان فرمایا ہے ۔ رب العالمین ارشاد فرماتے ہیں
ترجمہ ! بے شک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت کا راستہ اختیار کرتے ہیں وہ اسی طرح ذلیل اور رسوا کیے جائیں گے جس طرح ان سے پہلے لوگ ذلیل و خوار کیے جا چکے ہیں اور ہم نے اسے صاف صاف کھول کر بیان کر دیا ہے تاکہ حجت قائم ہو جائے اور کافروں کے لیے دلت کا عذاب ہے آگے اللہ رب العزت فرماتے ہیں اصل بات یہ ہے کہ شیطان ان پر مسلط ہو چکا ہے اور اس شیطان نے انہیں اللہ تعالی کا ذکر بھلا دیا ہے ، یہی لوگ حزب شیطان ہیں اور یاد رکھو شیطان کی پارٹی دنیا و آخرت میں خسارہ پانے والے ہیں۔ سبحان اللہ اللہ کی ذات پر قربان جائیں کہ اس کی کتاب ہدایت میں نہ صرف یہ کہ ہر مسئلے کا بیان ہوا ہے بلکہ اس کا شاندار حل بھی قرآن بیان فرماتا ہے ۔ یہاں دیکھئے سبحان اللہ کہ الحاد و لادینیت کا ذکر کر کے ساتھ ہی اس کا حل بھی بتا دیا ہے کہ در اصل الحاد کا راستہ اختیار کرنے والوں پر شیطان مسلط ہو چکا ہے اور ہم یہ سب ہی جانتے ہیں کہ قرآن نے شیطان کو دور کرنے کے بڑے خوب صورت حال بتائے ہیں کاش کہ اگر ہمارا تعلق قرآن پاک سے قائم ہو جائے ۔ اگلی آیت مبارکہ میں اللہ تعالی فرماتے ہیں یقینا جو لوگ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا مقابلہ کرتے ہیں یہ ذلیل ترین مخلوقات میں سے ہیں ۔ اور سورۃ المجادلہ کی آیت نمبر 21 میں اللہ رب العزت نے کمال ہی کر دیا ہے اللہ پاک ارشاد فرماتے ہیں اللہ رب العزت نے )( لوح محفوظ )میں لکھ دیا ہے یعنی یہ فیصلہ کردیا ہے کہ میں اور میرے رسول ہی غالب ہو کر رہیں گے کیوں کہ فی الحقیقت اللہ زبردست غالب اور زور آور ہے ۔
ساری بحث کو سمیٹ کر پروردگار نے واشگاف الفاظ میں اعلان فرما دیا ہے کہ الحاد کے راستے کو ترک کرنے کے لئے پہلے تو شیطان کے تسلط کو اپنے اوپر سے ہٹا نا پڑے گا اور دوسرا یہ ہے کہ اپنے دماغوں کے اندریہ بات بٹھانی پڑے گی کہ تمام قوتوں اور طاقتوں کے مالک الملک ذو الجلال والاکرام نے یہ فیصلہ کردیا ہے اور اس بات کو تسلیم کر لو کہ میں اور میرے رسول قیامت کی دیواروں تک غالب رہیں گے اور تم اور تمہاری شیطانی پارٹی کے تمام ہتھکنڈے ، تمہارا سارا لاو لشکر اللہ اور اس کے رسول اور ان کے رستے پر چلنے والوں کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے ۔
میرے محترم قارئین کرام ! اس الحاد کے موضوع پر جو کچھ بھی لکھا گیا اور قرآن پاک سے جو رہنمائی لی گئی اللہ پاک مجھے بھی اور ہم سب کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں اور ہماری نوجوان نسل کو ہر قسم کے فتنے سے محفوظ فرمائے آمین یا رب العالمین ۔
