پھانسیاں، تشدد اور دھمکیاں ایران میں جاری مظاہرے، جن کی عوام کو بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے

Spread the love

یاد رہے کہ عورت، زندگی، آزادی جیسے نعرے ان مظاہروں کا حصہ ہیں۔

تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق ایران میں حکومت مخالف مظاہرے اپنے 100ویں دن میں داخل ہو گئے ہیں۔ یہ سنہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے طویل ترین حکومت مخالف مظاہرے ہیں لیکن عوام کو اس کی بھاری قیمت بھی چکانی پڑی ہے۔انسانی حقوق کے کارکنوں کی نیوز ایجنسی کے مطابق 69 بچوں سمیت 500 سے زائد مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ دو مظاہرین کو پھانسی دی گئی جبکہ کم از کم 26 دیگر کو بھی اسی قسم کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جسے ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے ’شیم ٹرائلز‘ قرار دیا ہے۔اگرچہ اس سے پہلے بھی ایران میں ملک گیر مظاہرے ہوئے ہیں لیکن موجودہ مظاہرے اپنی نوعیت میں مختلف ہیں کیونکہ ان میں پورے معاشرے کے لوگ شامل ہیں اور خواتین ’عورت، زندگی، اور آزادی‘ کے نعروں کے تحت مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔اس سے قبل ایک بار سنہ 2017 کے اواخر اور سنہ 2018 کے اوائل کے دوران مظاہرے ہو‏ئے تھے اور پھر نومبر 2019 میں بھی ایک مظاہرہ ہوا تھا۔ایران کی کچھ مشہور شخصیات نے حالیہ مظاہروں کی حمایت کے لیے ناقابل تنسیخ اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں انھیں گرفتاری یا جلاوطنی کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔معروف ایرانی اداکارہ ترانا علیدوستی کو ایک نوجوان مظاہرہ کرنے والے کی پھانسی کی مذمت کے نتیجے میں بدنام زمانہ ایون جیل میں رکھا گیا۔ اس سے قبل انھوں نے بغیر سکارف کے اپنی ایک تصویر شائع کی تھی اور اس تصویر میں انھوں نے مظاہرین کے نعرے والی ایک تختی اٹھا رکھی تھی۔
اصغر فرہادی، جنھوں نے اپنی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’دی سیلز مین‘ میں ہدایت کاری کی ہے، انھوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ’میں نے ترانا علیدوستی کے ساتھ چار فلموں میں کام کیا اور اب وہ اپنے ہم وطنوں کی جائز حمایت اور غیر منصفانہ سزاؤں کی مخالفت کی وجہ سے جیل میں ہیں۔اصغر فرہادی نے مزید کہا کہ اگر اس طرح کی حمایت کرنا جرم ہے تو اس سرزمین کے لاکھوں لوگ مجرم ہیں۔

’جان سے مارنے کی دھمکیاں‘

ملک چھوڑنے والی ایک اور ممتاز ایرانی اداکارہ پیگاہ آہنگرانی نے بی بی سی فارسی کو بتایا کہ ’ایران مہسا امینی سے پہلے کے دور میں واپس نہیں جا سکتا۔‘ان کا اشارہ کرد ایرانی خاتون کی جانب تھا جن کی 16 ستمبر کو ایران کی اخلاقی پولیس کی حراست میں موت نے ملک گیر احتجاج کو جنم دیا۔ایک اور معروف ایرانی اداکار حامد فروخنزہاد رواں ماہ کے شروع میں امریکہ چلے گئے اور انھوں نے وہاں پہنچنے کے بعد فوری طور پر ایرانی سپریم لیڈر کو فرینکو، سٹالن اور مسولینی سے تشبیہ دیتے ہوئے ’آمر‘ قرار دیا۔دبئی میں رہنے والے ایران کے مشہور سابق فٹبالرز میں سے ایک علی کریمی نے بھی احتجاج کی حمایت کی۔انھوں نے کہا کہ ایرانی انٹیلیجنس ایجنٹس نے انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جس کی وجہ سے وہ بالآخر امریکہ چلے گئے۔کریمی اب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایرانی حکومت کے سب سے بڑے ناقدین میں سے ایک ہیں، جن کے 14 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔ایک اور ایرانی فٹبال آئیکون علی دائی جب ملک گیر ہڑتال کی حمایت میں سامنے آئے تو ایرانی عدلیہ کی طرف سے ان کی جیولری شاپ اور ریستوران کو بند کر دیا گیا۔

پگڑی اچھالنا

ایران کی نئی نسل ان مظاہروں میں پیش پیش رہی ہے۔ انھوں نے سخت مذہبی حکمرانی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حجاب کو اتارنے اور جلانے جیسے نئے رجحانات کی بنیاد ڈالی ہے۔
نوجوان مظاہرین میں ایک اور نیا رجحان نام نہاد ’پگڑی اچھالنا‘ بھی ہے یعنی وہ شیعہ مسلم علما کے پیچھے چپکے سے جاتے ہیں اور ان کی پگڑی کو اچھال کر بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔
16 سالہ لڑکے عرشیہ امامغولی زادہ کو گذشتہ ماہ شمال مغربی شہر تبریز سے ’پگڑی اچھالنے‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
رہائی سے قبل انھیں 10 دن تک حراست میں رکھا گیا۔ رہائی کے دو دن بعد انھوں نے خودکشی کر لی جس کا الزام ان کے خاندان والوں نے جیل میں کیے جانے والے سلوک پر لگایا۔خاندان کے قریبی ذرائع نے بی بی سی فارسی کو بتایا کہ حراست کے دوران عرشیہ کو لاٹھیوں سے مارا گیا اور نامعلوم ادویات دی گئیں۔ایرانی حکام نے نہ صرف مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا بلکہ ان لوگوں کی لاشوں کو بھی استعمال کیا، جو حراست میں مارے گئے تاکہ متاثرین کے اہلخانہ کو خاموش کر سکیں۔
ذرائع نے بین الاقوامی گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کو بتایا کہ مظاہروں کے دوران مارے گئے ایک شخص کے بھائی نے مردہ خانے سے اس کی لاش چرا لی اور گھنٹوں تک شہر میں اسے گاڑی میں رکھ کر ڈرائیو کرتا رہا۔27 سالہ مہران سمک کو شمالی شہر بندر انزلی میں 29 نومبر کو ایران کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کی خوشی میں اپنی گاڑی کا ہارن بجانے کے لیے سر میں گولی مار دی گئی۔ایک اور خاندان کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے 23 سالہ بیٹے حامد صلاحشور کے جسم پر تشدد کے چونکا دینے والے نشانات ملے۔ اس کی موت حراست میں ہوئی تھی اور یہ انکشاف اس وقت ہوا جب انھوں نے اس کی لاش کو ان کے آبائی شہر سے 18 میل (30 کلومیٹر) دور زبردستی دفنائے جانے کے بعد نکالا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں