قابل اور اہل جج کا انتخاب ضروری ہے یا کوٹہ پورا کرنا ضروری ہے۔

Spread the love

ہر شخص کا یہ بنیادی حق ہے کہ اسکا کیس ایک قابل اور اہل جج سنے اور اس کا فیصلہ کرے۔

پشاور(بیورو رپورٹ)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق قابل اور اہل جج کا انتخاب ضروری ہے یا کوٹہ پورا کرنا ضروری ہے۔انسانی حقوق کے عالمی منشور کے بنیادی مسودے پر اقوام متحدہ کے 48 ممبران نے 1948 میں دستخط کیے جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔ اور  دس دسمبر 1948کو انسانی حقوق کے عالمی منشور  کو تسلیم کیا گیا۔ اس لیے ہر سال دس دسمبر کو عالمی انسانی حقوق کا  عالمی دن  منایا جاتا ہے۔ اس بنیادی دستاویز میں  کل تیس ارٹیکلز ہیں۔ جن میں ارٹیکل آٹھ میں کہا گیا ہے کہ ہر شخص کو اُن افعال کے خلاف جو دستور یا قانون میں دیئے ہوئے بنیادی حقوق کو تلف کرتے ہوِ یہ حق حاصل ہے کہ وہ اہل/قابل  عدالتوں کے زریعے قانونی چارہ جوئی کرے۔یعنی ہر شخص کا یہ بنیادی حق ہے کہ اُس کا کیس ایک قابل اور اہل جج سنے اور اُس کا فیصلہ کرے۔با الفاظ دیگر یہ ایک عالمگیر بنیادی انسانی حق ہے کہ اگر کسی شخص کا کوئی تنازعہ ہو یا اُس کے خلاف کسی جرم کا الزام ہو تو اُس کا مقدمہ صرف قابل اور اہل جج ہی سماعت کرکے فیصلہ کرے گا۔ قابل اور اہل جج کا مطلب کیا ہے؟۔ سادہ الفاظ میں وہ جج جو مطلوبہ معیار پر پورا اُترتا ہو ، جج بنے کے قابل ہو اور اُس کی تعلیمی قابلیت، تجربہ،  فیصلہ سازی کا ہنر وغیرہ اتنا ہو کہ وہ جج بن کر درست فیصلے کرسکے۔ یعنی ہر بندے کی   قابلیت جانچے بغیر اُس کو جج لگانا شہریوں کو اُن کے بنیادی حق سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ کیونکہ یہ تمام شہریوں کا عالمگیر بنیادی انسانی حق ہے اور پاکستان اس بنیادی عالمی انسانی حقوق کے منشور کا بانی ملک اور اس دستاویز کا دستخط کنندہ ہے۔ لہذا یہ پاکستانی ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کو اُن کے مسائل کے حل کے لیے اور کسی جرم میں ملوث ہونے پر سزا دینے کے لیے قابل اور اہل جج فراہم کرے۔ تاکہ اُن  کے ساتھ انصاف ہو اور جج کی ناقابلیت اور نااہلیت کی وجہ سے ناانصافی نہ ہو۔مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں عالمی انسانی حقوق کے منشور کے ارٹیکل آٹھ پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔ اس کی مثال یہ ہے کہ  پشاور ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن ججز  (گریڈ 20) کی 26خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے اشتہار جاری کیا۔ جس کے بعد باقاعدہ امتحان منعقد ہوا اور پھر جب امتحان کا نتیجہ جاری کیا گیا تو اُس کے مطابق کوئی بھی اُمیدوار مطلوبہ معیار پر پورا نہ اُتر سکا اور اس لیے تمام امیدوارں کو فیل قرار دیا گیا۔ پشاور ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ داد کا مستحق ہے کہ وکلاء کے ناجائز پریشر کو مسترد کرکے اور قابلیت پر سمجھوتہ نہ کرکے صوبے کے عوام پر بڑا احسان کیا ہے۔ کیونکہ اگر امیدوار مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتے تو اُن کے لیے معیار کم کرنا عوام کے بنیادی حق کو مسترد کرنے کے مترادف تھا جو اس سے پہلے 2015کے امتحان میں ہوا تھا مگر اس دفعہ پشاور ہائی کورٹ نے میرٹ پر سمجھوتہ نہ کرکے عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب سے نتیجہ جاری کیا گیا ہے تب سے صوبے کے مختلف بار ایسوسی ایشن مزکورہ نتائج پر مختلف قسم کے قرارداد منظور کرکے بیان بازی اور تنقید کررہے ہیں کہ وکلاء نتائج کومسترد کرتے ہیں۔ پیپر کافی مشکل بنائے گئے تھے۔ پیپر میں کورس سے ہٹ کر سوال آئے تھے، پیپر کیڈر کے ججز نے چیک کرکے تعصب کیا ہے، سخت مارکنگ ہوئی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے متعلق سوالات غیر ضروری تھے۔اور  وکلاء کو جان بوجھ کر کسی سازش کے تخت فیل کیا گیا ہے تاکہ وکلاء کا کوٹہ کیڈر کے ججز کو دیا جاسکے۔لیکن مزکورہ تمام الزامات میں کوئی ٹھوس دلیل نظر نہیں آتی۔ یہ بات ریکارڈ سے عیاں ہے کہ 26آسامیوں کے لیے پہلے اشتہار دیا گیا جس میں پاس ہونے کے لیے مطلوبہ معیار کا تعین کیا گیا تھا۔جس کے بعد سکریننگ ٹسٹ لیا گیا۔ جس میں کافی امیدوار مطلوبہ حد تک نمبر نہ لے سکے اور پہلے ہی مرحلے میں فیل ہوگئے۔ لیکن بعد میں پشاور ہائی کورٹ نے پہلے سے طے شدہ پیمانہ نیچے لاکر فیل شدہ امیدواروں کو پاس کرکے اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا تاکہ تحریری امتحان میں حصہ لے سکیں۔ اگلے مرحلے میں تحریری امتحان منعقد ہوا۔جس کا نتیجہ جب جاری ہوا تو اُس کے مطابق تمام امیدوار مطلوبہ معیار پر پورا نہ اُتر سکے اور فیل ہوگئے۔ اس سے پہلےزیر گردش اطلاعات تھی کہ تقریباً تمام امیدوار تحریری امتحان میں فیل ہوگئے ہیں۔اور وکلاء حضرات پشاور ہائی کورٹ پر پریشر ڈال رہے تھے کہ مطلوبہ معیار کو کم کرکے وکلاء کو ایک دفعہ پھر میرٹ سے ہٹ کر پاس کیا جائے اور اگلے مرحلے یعنی انٹرویو میں شامل کیا جائے۔ تاہم معزز چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اور اُس کی ٹیم نے اس دفعہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جو قابل تحسین عمل ہے۔ جب سب امیدوار فیل ہیں تو پھرفیل ہی ہیں۔آخر کیوں پہلے سے طے شدہ مطلوبہ معیار کو کم کیا جائے؟۔ بلکہ فیل شدہ امیدوار کو طے شدہ پیمانہ کم کرکے پاس کرنا غلط اور غیر منطقی ہے اور جو جج منتخب ہوگا اُس کی اہلیت اور قابلیت پر سوالیہ نشان ہمیشہ قائم رہے گا۔ جبکہ دوسری طرف یہ شہریوں کو اُن کے بنیادی انسانی حق سے محرومی کے مترادف بھی ہوگا  کہ اُن کا کیس صرف اہل اور قابل جج سنے۔ہونا تو یہ چاہیے کہ ایڈیشنل سیشن جج گریڈ 20 کی آسامی کے لیے اعلی معیار کا امتحان ہو اور مزید سخت امتحان ہو تاکہ قابل ترین امیدوار منتخب ہو۔ کیونکہ ایڈیشنل سیشن جج کی پوسٹ ڈسٹرکٹ عدلیہ میں ایک نہایت اہم پوسٹ ہے جس کے پاس وسیع اختیارات ہیں یہاں تک کہ پھانسی کی سزاء تک سنا سکتا ہے۔ اس لیے اس دفعہ پشاور ہائی کورٹ نے شہریوں کے بنیادی انسانی حق کا خیال کرتے ہوئے کسی قسم کا پریشر قبول نہیں کیا اور فیل شدہ امیدواروں کو طے شدہ پیمانہ کم کرکے پاس کرنے سے گریز کرکے نتیجہ جاری کیا جس پراب وکلاء ناراض ہیں۔اور عجیب و غریب منطق پیش کررہے ہیں۔ اور اعتراض کررہے ہیں کہ اب یہ آسامیاں کیڈرججز کو نہ دی جائیں۔ لیکن اس بابت اُن کے پاس کوئی معقول دلیل موجوو نہیں۔جہاں تک وکلاء کوٹہ کا سوال ہے تو اصل بات تو یہ ہے کہ تمام ججز وکلاء ہی سےآتے ہیں۔ کسی اور جگہ سے کوئی جج بننے کے لیے نہیں آتا۔ سول ججز کی تعیناتی پبلک سروس کمیشن کے زریعے ہوتی ہے۔ جس کے لیے دو سال وکالت کی شرط ہے یعنی صرف وکیل ہی اپلائی کرے گا۔ مطلب تمام ججز وکلاء ہی سے آتے ہیں۔ تو پھر ایڈیشنل سیشن جج لیول پر وکلاء کے کوٹے کا کیا تُک بنتا ہے؟۔دوسری بات یہ ہے کہ جب جوڈیشری کے پاس پندرہ سے سترہ سال تجربہ رکھنے والا سنیر سول جج موجود ہے جس کا بطور جج تجربہ ہے ، وہ سول جج رہا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ رہا ہے، رینٹ کنٹرولر رہا ہے، فیملی جج رہا ہے سنئیر سول جج رہا ہے اور پیچیدہ تنازعات کا فیصلہ کرچکا ہے ۔کئی ضلعوں میں تعینات رہ کر تجربہ حاصل کرچکا ہے۔ تو وکلاء سے براہ راست ایڈیشنل سیشن جج کا انتخاب کرنا بے معنی، غلط اور غیر ضروری ہے۔ کیونکہ جج کے انتخاب کے لیے وکیل کے تجربے سے زیادہ جج کا تجربہ زیادہ موزوں اور متعلقہ ہے۔تیسری بات یہ ہے کہ جوڈیشری میں سنیر سول ججز وقت گزرنے کے ساتھ سنئیر ہونے کے بجائے جونئیر ہوتے جاتے ہیں۔کیونکہ ڈارکٹ آنے والے سنیر ہوجاتے ہیں اور یہ بچارے جونئیر ہوتے جاتے ہیں وہ وکلاء جو ان کے سامنے بطور وکیل پیش ہوتے ہیں بعد میں ان ہی ججز کے سنئیر بن جاتے ہیں۔ جو کہ ایک عجیب و غریب رشتے کو جنم لیتا ہے۔ یہ کونسے محکمے میں ہوتا ہے کہ تجربہ اور نوکری بڑھنے کے ساتھ آپ جونئیر ہوجائیں سوائے جوڈیشری کے؟۔ بلکہ یہ ہر شخص کا بنیادی حق ہے کہ ایک مخصوص وقت گزرنے کے بعد اگر اُس کی کارکردگی اچھی ہو تو اُس کو اگلے گریڈ میں ترقی دی جائے نہ کہ اُس کو بلاوجہ وقت گزرنے کے ساتھ جونئیر بنایا جائے جس سے عدم تخفظ اور مایوسی کا احساس پیدا ہوجاتا ہے۔ اس لیے ایڈیشنل سیشن جج کے لیول پر براہ راست  تعیناتی ایک طرف تو بلاجواز اور غیر ضروری ہے تو دوسری طرف یہ کیڈر ججز کے ساتھ ناانصافی ہے  کیونکہ اُن کی پروموشن میں لمبی تاخیر پیدا ہوجاتی ہے جو اُن میں بے چینی اور بد اعتمادی پیدا کرتی ہے۔ چھ سات سال کا ڈارکٹ منتخب شدہ اے ڈی جے صاحب جلدی سے ڈسٹرکٹ جج بن جاتا ہے جبکہ بیس سال تجربہ رکھنے والا جج مشکل سے بیس سال میں ایڈیشنل سیشن جج بن جاتا ہے جو کہ ناانصافی ہے ۔ ججز کی ترقی میں سب سے بڑی روکاوٹ براہ راست تعیناتی ہے۔اگر جوڈیشل افسران کے سنیراٹی لسٹ کو دیکھا جائے تو وہاں پر یہ ناانصافی واضح نظر آتی ہے کہ کس طرح بیس سال کا جج ڈسٹرکٹ جج نہیں بنتا جبکہ ڈارکٹ اے ڈی جے صاحب صرف چھ سے آٹھ سال میں ڈسٹرکٹ جج بن جاتا ہے۔ چوتھی بات یہ ہے کہ یہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے ساتھ اپنے پیشے کا انتخاب کرے۔ اگر کوئی وکیل جج بننا چاہتا ہے تو اُس کے پاس سول جج کے امتحان میں تین دفعہ بیٹھنے کا موقع ہوتا ہے۔ اگر وہ تین دفعہ میں بھی امتحان  پاس نہ کرسکے  تو پھر اُس کو وکالت ہی کرنی چاہیے۔ پانچویں بات ہے کہ اول تو اے ڈی جے لیول پر براہ راست تعیناتی کا کوئی کوٹہ ہی نہیں ہونا چاہیے جب جوڈیشری میں پہلے ہی سے پندرہ سالہ سنئیر سول جج موجود ہو ۔ اگر پھر بھی براہ راست تعیناتی کسی مضبوط دلیل کے ساتھ ضروری ہو اگرچہ کوئی مضبوط دلیل موجود نہیں لیکن پھر بھی اگر براہ راست تعیناتی کرنا ہو تو پھر سول جج اور سنئیر سول جج کو اے ڈی جے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ملنی چاہیے۔یہ اتنا بڑا ظلم ہے کہ پبلک پراسکیوٹر وغیرہ کو ایڈیشنل سیشن جج کے امتحان دینے کی اجازت ہے لیکن سول جج اور سنئر سول جج کو امتحان دینے کی اجازت نہیں۔ یعنی آپ نے اہل جج کا انتخاب کرنا ہے یا پھر کوٹہ پورا کرنا ہے۔ چھٹی بات یہ ہے کہ براہ راست تعیناتی سے جوڈیشری کے اندر فیصلوں میں کافی تضاد پیدا ہوتا ہے۔ جس کا اثر براہ راست عوام اور انصاف کے نظام پر ہوتا ہے۔ اگر ایک ہی امتحان اور ایک ہی طریقہ کار کے ساتھ اور ایک ہی ٹریننگ سے گزر کر، سنگل انٹری طریقہ کار کے تخت ججز کا انتخاب ہو تو فیصلوں میں تضاد ختم کیا جاسکتا ہے۔جبکہ کیڈر اور ڈارکٹ ججز کے درمیان خاموش سرد جنگ کا خاتمہ بھی سنگل انٹری تعیناتی سے ہوسکتا ہے۔جس طرح باقی محکموں میں افسر تعینات ہوتا ہے تو وقت کے ساتھ وہ ترقی کرکے آگے جاتا ہے۔ سکینڈ لیفٹنٹ سے جنرل اور اسسٹنٹ کمشنر سے چیف سیکٹری اور اے ایس پی سے ڈی آئئ جی بنتا ہے۔ اس طرح جوڈیشری میں بھی سنگل انٹری تعیناتی کم از کم ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی حد تک ہونی چاہیے۔ موجودہ صورت میں چونکہ مروجہ رواج کے مطابق وکلاء کو ایک دفعہ موقع دیا گیا اور ایک دفعہ مطلوبہ معیار میں کمی بھی کی گئ لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے اس لیے یہ آسامیاں اب کیڈر کے ججز سے پُر ہونی چاہیے۔ جس سے ایک طرف کیڈر ججز میں مایوسی کا خاتمہ ہوگا تو دوسری طرف عوام کو اہل اور قابل جج ملیں گے جو پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے منتخب ہوئے ہیں۔ جبکہ ایڈیشنل سیشن جج لیول پر براہ راست تعیناتی کا خاتمہ جوڈیشری کے بہتر مفاد میں ہے۔مگر بدقسمتی سے آج معزز پشاور ہائی کورٹ نے ایک دفعہ پھر وکلاء کو موقع دیتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کی 26 خالی آسامیوں کا اشتہار جاری کیا ہے جس میں سول ججز اور سنئر سول ججز کو امتحان دینے سے محروم رکھا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں