سب سے بڑی امداد کا اعلان اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کا کیا گیا۔میاں شہباز شریف
اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہھا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے۔اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا جنیوا کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوئی، کانفرنس کی کامیابی قوم کی دعاؤں اور اخلاص کا نتیجہ ہے۔ان کا کہنا تھا یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری تک کوششیں جاری رکھیں گے، ایک ایک پائی کو شفافیت کے ساتھ استعلام کرنا ہے، بال اب ہمارے کورٹ میں ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا جنیوا کانفرنس کے دوران مجموعی طور پر 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے، سب سے بڑی امداد کا اعلان اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کا کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک نے 2 ارب ڈالر اور ایشین انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ بینک نے ایک ارب ڈالر کا اعلان کیا، اے ڈی بی نے 500 ملین ڈالر کا اعلان کیا، اٹلی نے 23 ملین یورو اور جاپان نے 77 ملین ڈالر کا اعلان کیا، قطر نے 25 ملین ڈالر اور سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کا اعلان کیا۔
