فائرنگ کا واقعہ پشاور ہائیکورٹ کے بار روم میں پیش آیا جس میں سینئر وکیل لطیف آفریدی شدید زخمی ہوگئے تھے۔
پشاور:(نمائندہ وصال احمد)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق معروف قانون دان لطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق لطیف آفریدی پر فائرنگ کا واقعہ پشاور ہائیکورٹ کے بار میں پیش آیا جہاں بار کے احاطے میں ان پر فائرنگ کی گئی جس میں سینئر وکیل لطیف آفریدی شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے 79 سالہ لطیف آفریدی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔پولیس کے مطابق عبدالطیف آفریدی کو 6 گولیاں لگیں اور ان پر فائرنگ کرنے والے شخص کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ملزم سائل کے طور پر آیا تھا۔پشاور ہائیکورٹ بار کے احاطے میں فائرنگ کے بعد ہائیکورٹ کے دروازے بند کردیے گئے ہیں اور سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی طور پر معاملہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے تاہم اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں، یہ بھی پتالگایا جارہا ہےکہ ملزم پستول اندر کیسے لے کر گیا یا پھر اسے اسلحہ فراہم کرنے میں کسی نے اس کی مدد کی۔واضح ر ہےکہ معروف قانون دان لطیف آفریدی سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے تھے، وہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سینئر رہنما تھے جب کہ وہ قومی اسمبلی کے ممبر بھی رہ چکے تھے۔
