ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں آٹا کی کوئی قلت نہیں اور تمام سیل پوائنٹس پر آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو آٹا کی مسلسل فراہمی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سیل پوائنٹس پر آٹا کی سپلائی اور فروخت کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کریں تاکہ کسی جگہ آٹا کی قلت پیدا نہ ہو۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈویژن میں آٹا کی سپلائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز محمد امتیاز احمد خان کھچی، محمد عرفان کاٹھیا اور سید آصف حسین شاہ،اے سی جنرل وقاص ظفر، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ان سیل پوائنٹس پر فراہم کئے جانے والے آٹا کی کوالٹی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے اور فلور مل سے لے کر سیل پوائنٹ تک تمام عمل کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام نے اجلاس کو بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں عام افراد کو آٹا کی یقینی فراہمی کیلئے 54 ٹرکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن میں 9ضلع ساہیوال، 34 ضلع اوکاڑہ اور11ضلع پاکپتن میں ہیں جہاں روزانہ آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک ان پوائنٹس پر 4لاکھ 22ہزارایک سو چوراسی تھیلے آٹا سپلائی کیا جا چکا ہے جبکہ روزانہ 10کلو کے تقریباً 28ہزار تھیلے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان سیل پوائنٹس پر 10کلو آٹا کا تھیلہ 648 روپے میں دستیاب ہے۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی صوبے میں آٹے کی سپلائی کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں لہذا کسی جگہ آٹے کی قلت یا عدم دستیابی کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہیے۔
