
جہلم(اختر شاہ عارف)ایم سی ڈبلیو اے (میٹرینٹی اینڈ چائیلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن) رجسٹرڈ المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس گلشن حقیق ہال المرکزجہلم میں منعقدہوا۔جس میں ڈاکٹر شہناز شاہد،ڈاکٹر شہزانہ امتیاز،سیدہ شاہدہ شاہ،کرنل(ر) محمد عبید مرزا، ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم،تہمینہ گل چوہدری،مسز فلک ناز سیٹھی،فرزانہ اجمل، ڈاکٹر محمد اسد مرزا،فروا ذیشان،ڈاکٹر شیبا اکرم ہاشمی، سارہ اسد، اور سید اختر علی شاہ نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے حاصل کی۔جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کیا۔اس کے بعد تمام شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد تمام بیماروں کی صحت یابی کیلئے دعا اور تمام مرحومین بالخصوص ادارے کے تمام مرحومین اور حال ہی میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہداء کی ارواح کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیئے دعائے مغفرت کی گئی۔اس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔جنرل سیکرٹری سیدہ شاہده شاہ نے پچھلے ماہ ہونے والے اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔فنانس سیکرٹری کرنل(ر)محمد عبید مرزا نے فنانس رپورٹ پیش کی۔ایم سی ایچ سنٹر انچارج مسز تہمینہ گل چوہدری نے اس سنٹر کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا۔کہ ماہ جنوری 2023ءمیں اس سنٹر سے 32-مریض خواتین نے فری استفادہ حاصل کیا۔جن میں سے سات خواتین کو ڈاکٹر شہناز شاہد کی وساطت سے الٹراساؤنڈ کی فری سہولت فراہم کی گئی۔گزشتہ ماہ جنوری 2023ءمیں گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں منعقد ہونے والے ایک روزہ فری ہیلتھ سیمینار کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار توقع سے بڑھ کر کامیاب رہا۔اس سیمینار میں ڈاکٹر عبدالغفور ملک،ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور انہوں نے خود خون میں فولاد کی کمی،انیمیا اور تھیلیسیمیا سمیت دیگر بیماریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان بیماریوں کی وجوہات،علامات،علاج اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیر حاصل معلومات فراہم کیں۔ ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام ماہ فروری 2023ءمیں ہونے والے ایونٹ کے حوالے سے ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے تجویز پیش کی کہ اس بار ایم سی ڈبلیو اے کے پلیٹ فارم سے ماہ فروری2023ء میں دو فری میڈیکل کیمپ لگائے جائیں۔ایک کیمپ گورنمنٹ ڈگری کالج ٹاہلیانوالہ کے نزدیک مشہور روحانی شخصیت بابا جی عرفان الحق کے ڈیرے پر لگایا جائے۔جس کے لیئے تقریباً ایک لاکھ روپے کی ادویات کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔ اور دوسرا فری میڈیکل کیمپ پی ایم اے ہاؤس جہلم میں لگایا جائے۔ان دو فری میڈیکل کیمپس کے لیئے اجلاس میں موجود ڈاکٹر شہناز شاہد،ڈاکٹر شاہد تنویر اور ڈاکٹر شیبا اکرم ہاشمی سمیت تمام ڈاکٹرز نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔کرنل(ر) محمد عبید مرزا سمیت تمام شرکاء نے ان کی اس تجویز کو بیحد سراہا۔اور کہا کہ جلد ہی ان دو فری میڈیکل کیمپس کی تاریخ کا تعین کر لیا جائے گا۔اس اجلاس میں نئی ممبرز خواتین جن میں فروا ذیشان اورفرزانہ اجمل بھی شامل تھیں انہیں خوش آمدید کہا گیا۔اس اجلاس کے اختتام پر تمام حاضرین کو پر تکلف چائے پارٹی دی گئی۔جس کی میزبانی ڈاکٹر شیبا اکرم ہاشمی تھیں۔
