بچوں کے لواحقین اپنے بچوں کو پاکر خداوند کریم کے حضور سجدہ بسجود ہو گئے ورثاء نے پولیس نے پولیس پارٹی کو دعائیں دیں اور انکی کارکردگی کو سراہا۔
اوکاڑہ (نمائندہ جاوید راہی)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق اوکاڑہ سے لاپتہ ہونے والے نویں جماعت کے 3 طالب علموں کو پولیس نے بازیاب کروا کے لواحقین کے حوالے کر دیئے۔ دو یوم قبل نامعلوم اغوا کار لڑکیوں کی محبت کا جھانسہ دے کر طالب علموں کو کچے کے علاقہ کی جانب لے جا رہے تھے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقدمہ درج ہونے کے 24 گھنٹوں میں طالب علموں کو بازیاب کرالیا۔ ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے سخت نوٹس لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 14/1AL کے رہائشی محمد اعظم ولد محمد حنیف کا بھتیجا ارسلان عامر عمر 14 سال اپنے دو کلاس فیلوز محمد عمر ولد بشیر احمد عمر 17 سال اور مظہر ولد عبدالخالق عمر 17 سال کے ہمراہ تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے رینالہ خورد میں اپنے سکول گئے۔ جہاں سے نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر تینوں طالب علموں کو لڑکیوں کا جھانسہ دے کر اغوا کرکے لے گئے۔ طالب علموں کے گھرنہ پہنچنے پر بچوں کے لواحقین کی درخواست پر تھانہ سٹی رینالہ خورد میں اغوا کا مقدمہ درج کر ایا گیا۔اطلاع ملنے پر ڈی پی او اوکاڑہ کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو جلد از جلد طالب علموں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ جس پر رینالہ خورد پولیس نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے طالب علموں کو رحیم یار خان کے تھانہ سبزل کے علاقہ سے بازیاب کرالیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اغوا کار طالب علموں کو کچے کے علاقے کی جانب لے جارہے تھے تاہم ملزمان کی گرفتاری کے متعلق ابھی تک نہ بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بازیاب کرائے گئے تینوں طالب علموں کو اُن کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔ بچوں کے لواحقین اپنے بچوں کو پاکر خداوند کریم کے حضور سجد ہ بسجود ہو گئے۔ ورثاء نے پولیس پارٹی کو دعائیں دیں اور اِن کی کارکردگی کو سراہا۔
