ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال ) ڈائریکٹر کالجز محمد مسعود فریدی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھی اپنی جدوجہد سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے اور غاصب بھارت کا اس جنت نظیر خطے سے غاصبانہ قبضہ ختم ہوگا ۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سیاسی ‘اخلاقی اورسفارتی حمایت کو بھرپور طریقے سے جاری رکھاجائے گا۔ وہ یہاں یوم کشمیرکے حوالہ سے گورنمنٹ کامرس کالج میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس میں پرنسپل پروفیسر طارق محمود، اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔انہوں نے کہاہے مظلوم کشمیریوں سے بھارتی فورج کا 70سال سے روا رکھا جانے والا غیر انسانی سلوک انسانی حقوق کے علمبردار ملکوں اور تنظیموں کے منہ پر ایک طمانچہ ہے اور انہیں چاہئے کہ وہ بنیادی حق خود ارادیت دلانے کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔انہوں نے کشمیری عوام کی بھرپور حمایت کرنے پر پاکستانی قوم کے جذبے بھی سراہا۔تقریب کے اختتام پرواک کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاءنے اور بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جس پر کشمیری عوام کے ساتھ ان کی جدوجہد میں یکجہتی کے نعرے درج تھے -واضح رہے کہ ڈائریکٹر کالجز کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن کے تمام سرکاری کالجز میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نوجوان نسل میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کو روشنا س کرانے کے لئے تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا –
