پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو اسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے مہیا نہیں کیا جا سکتا اجلاس میں فنانس ڈویژن کی طرف سے مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی پر بھی غور کیا گیا۔
اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے سکیورٹی خدشات اور دیگر عوامل پر غور کیا گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق اجلاس میں صدر مملکت کے بھیجے گئے مراسلے پر غور کیا گیا، صدر مملکت کے مراسلے کے آئینی اور قانونی مضمرات اور الیکشن کمیشن کی آئینی وقانونی ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں وزارت داخلہ کے امن وامان کی خراب صورت حال سے متعلق خط پر بھی غور کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ کے خط میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق بتایا گیا ہے،وزارت داخلہ نے بتایا ہےکہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو اسٹیٹک ڈیوٹی کے لیے مہیا نہیں کیا جاسکتا، اجلاس میں فنانس ڈویژن کی طرف سے مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی پر بھی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق فنانس ڈویژن نے الیکشن کمیشن سے فنڈز فراہمی کی درخواست کو مؤخر کرنےکا کہا ہے، اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کے سکیورٹی خدشات پر غور کیا گیا، اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کے سکیورٹی خدشات پر بھی غور کیا گیا۔سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سے معذرت کیلئے وزارت داخلہ کا خط خیال رہےکہ وفاقی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز سیکرٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ملک دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باعث سخت سکیورٹی صورت حال سےگزر رہا ہے، ملک کوکثیر الجہتی سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، سرحدوں اور اندرونی سکیورٹی کی صورت حال پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔خط میں کہا گیا کہ ملک کی اہم تنصیبات اور غیرملکی باشندوں کو سکیورٹی فراہم کرنی ہے، شرپسندوں اور غیر ریاستی عناصر کی جانب سے سکیورٹی خطرات لاحق ہیں،نیکٹا اور خفیہ ایجنسیاں وقفے وقفے سے تھریٹ الرٹ جاری کر رہی ہیں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے چند واقعات بھی پیش آئے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خطرت سے نمٹنے میں مصروف ہیں، سکیورٹی فورسز ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان مال کے تحفظ میں مصروف ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس دیگر سرگرمیوں کے لیے زیادہ وقت نکالنا مشکل ہے، دہشت گرد تنظیموں نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو دھمکیاں دی ہیں، خدشہ ہےکہ الیکشن مہم کے دوران اہم سیاسی شخصیات اور اجتماعات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔خط میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کا معاملہ جی ایچ کیو کے ساتھ اٹھایا گیا،ہمیں کہا گیا کہ آرمی اور سول آرمڈ فورسز بارڈر سکیورٹی میں مصروف ہیں، بتایا گیا کہ آرمی اور سول آرمڈ فورسز دہشت گردی کے خدشات کے باعث اندرونی چیلنجز سے نمٹنے میں مصروف ہیں،جی ایچ کیو کے مطابق فورسز کی مردم شماری کے لیے تعیناتی کی جانی ہے،قومی اسمبلی کے ضمنی اور پنجاب و خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی قابل عمل نہیں، حساس اور غیر حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ممکن نہیں ہوگی۔
