گلگت(مظہر علی مغل)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 27واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر خزانہ جاوید منوا نے صوبے کو درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ مالی بحران سے نکلنے کیلئے صوبے کو واجب الادا فنڈز کی فراہمی کیلئے وفاق سے رابطے تیز کرنے کے علاوہ صوبائی حکومت کے مختلف منصوبوں کیلئے مختص اخراجات میں بھی کمی لائی جائیگی۔
کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان لوکل سیلف گورننس ایکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی اور اس حوالے سے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے اختیارات کے نچلے سطح تک منتقلی کیلئے منفرد بلدیاتی نظام متعارف کرایا ہے اور ویلیج کونسلوں، تحصیل کونسلوں اور ڈسٹرکٹ کونسلوں کو مقامی مسائل کے حل کیلئےبیش بہا وسائل فراہم اور اختیارات تفویض کئے جائینگے تاکہ عوام کے مسائل انکے گھر کی دہلیز پر حل ہوں۔ علاوہ ازیں کابینہ نے گلگت بلتستان ٹاون پلاننگ اینڈ بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2022 کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے محکمہ پانی و بجلی میں سب انجینئرز کی پوسٹوں کو اسیسٹنس پیکیج سے الگ کرنے کے علاوہ کجھوکشل نگر میں 300 کلو واٹ بجلی گھر کی تعمیر نو اور مرمتی کاموں کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ نے نیٹکو کو گرانٹ ان ایڈ کے پچھلے اجلاس کے فیصلے پر نظر ثانی کی منظوری دیدی اور نیٹکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن کو بھی شامل کرنے کا حکم دیدیا۔
کابینہ اجلاس میں گلگت شہر میں عالمی معیار کا سپورٹس کمپلکس بنانے کیلئے زمین کی فراہمی کے علاوہ جگلوٹ سکردو روڑ کے بگاردو سکردو اور حراموش کے متاثرین کو معاوضہ جات کی ادائیگی کا حکم جاری کردیا گیا جبکہ مناور گلگت میں آئی بی کومعاوضے کی ادائیگی کے بعد چار کنال زمین کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پے اے ایف بیس قادری سکردو کے توسیعی منصوبے کیلئے زمین کی فراہمی کیلئے وزراء پر مشتمل کمیٹی کو تجاویز آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کا بھی حکم جاری کردیا۔
کابینہ اجلاس میں محکمہ جنگلات ، وائلڈ لائف اور ماحولیات، گلگت بلتستان کا شینگ جیانگ انسٹی ٹیوٹ آف جیوگرافی چائینیز اکیڈمی آف سائنس ، راپٹر سنٹر فار کنزرویشن اینڈ ری ہبیلیٹیشن اور اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزشن کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں وزیر اعلی ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ اور سوشل ہیلتھ پروٹیکشن میں مزید اصلاحات اور پینل لسٹ میں دیگر ہسپتال بھی شامل کرنے کی منظوری دی گئی اور پالیسی میں شامل امراض کے علاوہ دیگر بیماریوں کے علاج کی فراہمی میڈیکل بورڈ کی منظوری سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں محکمہ تعلیم کو محکمہ سکول ایجوکیشن اور محکمہ ہائر ایجوکیشن، ٹیکنیکل ایجوکیشن وسپیشل ایجوکیشن کے نام سے دو محکمہ جات میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سلک روٹ یونیورسٹی کے چارٹر کی منظوری کابینہ کے اگلے اجلاس تک موخر کر دی گئی۔ اجلاس میں گیس بالا سیلاب کی زد میں آنیوالے خاندان کے واحد بچ جانیوالے بچے کے تعلیمی اخراجات کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر محکمہ تعلیم کے سیکریٹری کو ہدایت جاری کی گلگت بلتستان کے اسکولوں اور کالجز میں چار ہزار اساتذہ کی تعیناتی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے کالجز میں 2011 کے بعد لیکچررزکی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی لیکن موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں معیاری تعلیم کی فراہمی شامل ہے لہذا تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھا ئیں گے۔
مزید برآں کابینہ اجلاس میں جامعہ شاہ ہمدان نوربخشیہ اولڈنگ سکردو کیلئے گورنمنٹ کوارٹر کی الاٹمنٹ کے علاوہ بونر داس میں چھت گرنے سے جانبحق ہونیوالے خاندان کے ورثاء کو مالی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے پرنسپل سیکریٹری عثمان احمد نے لینڈ ریفارمز پر ہونیوالی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس حوالے سے مزید کہا کہ لینڈ ریفارمرز کمیٹی نوروز سے قبل اپنی تجاویز کو حتمی شکل دیدے تاکہ اس دیرینہ مسلہ کو پائیدار بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو زمین کی ملکیت دینے کے علاوہ بنجر زمینوں کی آبادکاری کیلئے بھی قانون سازی کرینگے تاکہ خطہ معاشی طور پر خودکفیل ہو اور مستقبل میں درپیش غذائی قلت کے چیلینجزکا بھی مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔
کابینہ اجلاس میں سیکریٹری خوراک نے صوبے کے عوام کو درپیش گندم بحران پر تفصیلی بریفنگ دی اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گندم بحران کے حل کیلئے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائینگے۔
