اگر شادی ہو جاتی ہے تو اچھی بات ہے لیکن اگر نہیں ہوتی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ نامکمل ہے۔سجل علی کی گفتگو
کراچی(نمائندہ شوبز)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق پاکستانی اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہےکہ عورت مرد کے بغیر بھی مکمل ہے۔حال ہی میں اداکارہ سجل علی نے اپنی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کے حوالے سے دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جنوبی ایشیا میں لڑکیوں کی شادی سے متعلق پائی جانے والی سوچ پر بات کی ۔نمائندہ کے سوال پر سجل علی نے جواب میں کہا کہ آپ خود بھی یہ جانتی ہیں ایک لڑکی شادی کے بغیر بھی نامکمل نہیں ہے، اگر شادی ہو جاتی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے لیکن اگر نہیں ہوتی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ نامکمل ہے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں خود کو مکمل محسوس کرتی ہوں، میں ہر دن کو موجود محبت، عزت اور دعاؤں کی وجہ سے سیلیبریٹ کرتی ہوں، ہمیں لڑکیوں کو شادی کے نام پر ایک باؤنڈری تک محدود نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی ان پر زور دینا چاہیے کہ بس عمر ہوگئی ہے یا گریجویشن ہوگئی ہے تو شادی کرلو بلکہ اسے اس بات کی آزادی دینی چاہیےکہ جب کسی لڑکی کو خودکو محسوس ہو کہ اسے کسی کے ساتھ کی ضرورت ہے تو تب شادی کی جائے۔اداکاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سجل علی کا کہنا تھا کہ مجھے لوگوں کی خود سے لگائی جانے والی امیدوں سے ڈر لگتا ہے کہ کہیں میں اپنا بیسٹ نہ دے پا ئی تو، سچ کہوں مجھے خود پر اتنا بھروسہ نہیں اگر لوگ میرے کام پر میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو مجھے اکثر تو یقین بھی نہیں آتا۔
