اگر ماضی میں محمد نواز شریف کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو ملک کی آج یہ حالت نہ ہوتی۔سابق رکن قومی اسمبلی
اوکاڑہ(نمائندہ جاوید راہی)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابقہ ایم این اے چوہدری ریاض الحق نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ملکی معیشت کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا،انہیں اپنے دور کی لوٹ مار کا حساب دینا ہو گا، عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا،پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کے باعث پاکستان ترقی نہیں کررہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا چوہدری ریاض الحق نے کہا کہ اگر ماضی میں محمد نواز شریف کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو ملک کی آ ج یہ حالت نہ ہوتی،اس وقت پاکستان آ ئی ایم ایف کے چنگل سے باہر نکل چکا تھا،محمد نواز شریف کے دور میں دہشتگری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا،انکی حکومت ختم کر کے ملکی ترقی کا پہیہ روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، عمران خان اور اس کے حواریوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازش کی،عوام ملک کے ساتھ مزید کھلواڑ برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں مسلم لیگ (ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں دہشت گردی،بجلی کی لوڈ شیڈنگ،بے روز گاری اور ملکی معیشت کمزور تھی تو محمد نواز شریف نے اقتدار میں آ کر ملکی معیشت کو سنبھالادیا اور جمہوریت کو مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ جب قانون اور آ ئین سے بالا تر ہو کر اپنی مرضی مسلط کریں گے تو پاکستان کیا پوری دنیا کا معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا،عمران خان نے ”جیل بھرو” تحریک کا اعلان کیا تھا وہ ”جیل بھاگو” تحریک بن چکی ہے،عمران خان گھر میں بیٹھ کر اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ملک کے موجودہ سنجیدہ حالات نظر نہیں آ رہے،عمران خان نے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے آ ئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو ناکام بنانے کی سازش کی تاکہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے اور ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے ملک کو داؤ پر لگا دیا جبکہ مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملک کو ڈوبنے سے بچا لیا،یہ ہے حب الوطنی اور مفاد پرستی میں فرق۔انہوں نے کہا کہ میر جعفر اور میر صادق عمران خان، شوکت ترین اور ا ن کے حواری ہیں جنہوں نے پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی، عمران خان نے سٹیٹ بینک آ ف پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے کا کام کیا،وہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے وزیر اعظم تھے جسے آئینی اور قانونی طریقے سے اقتدار سے ہٹایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار کے بھوکے ہیں جنہیں پاکستان نہیں بلکہ صرف حکومت چاہیے، وہ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے اپنے کارکنوں کو گرفتاری دینے کا کہتے ہیں اور خودگرفتاری سے ڈرتے ہیں۔
