گلگت (پ ر) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت کیپٹن(ر) اریب احمد مختار نے پولٹری ہول سیلرز اور ریٹیلرز کیلئے نرخنامہ جاری کردیا، نرخناموں پر فوری عملدرآمد ہوگا، خلاف ورزی پر پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت کاروائی ہوگی، شہری اپنی شکایات الفا کنٹرول روم کے نمبر 05811-92024پر درج کرادیں، تاکہ فوری کاروائی کی جاسکے، برائیلر مرغی زندہ فی کلو، تھوک 530، پرچون 550 روپے مقرر کردیا ہے بریڈر زندہ فی کلو 380 تھوک جبکہ پرچون 400 روپے ریٹ مقرر کردیا ہے اور برائلر گوشت فی کلو 760 روپے جبکہ بریڈر فی کلو گوشت 550 روپے کا دستیاب ہوگا، قیمتوں میں مارکیٹ کے مطابق ردوبدل ہوگا، نئے قیمتوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔ اضافی پیسے لینے پر شہری اپنی شکایات الفا کنٹرول اور میڈیا سیل کے نمبرات پر درج کرائیں تاکہ فوری کاروائی کی جاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا اور مقامی پرنٹ میڈیا کیلئے جاری ایک بیان میں کیا، انہوں نے سیکٹر مجسٹریٹس، میٹ انسپکٹر اور فوڈ انسپکٹر کو خصوصی احکامات دئے ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر پولٹری مارکیٹ کا جائیزہ لیں اور مانسہرہ، سوات اور دیگر جگہوں میں قائم ہول سیلرز سے رابطہ میں رہیں تاکہ قیمتوں میں ردو بدل کے سلسلے میں فوری عملدرآمد کیاجاسکے، واضح رہے کہ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر نے میٹ انسپکٹر، ریٹیلرز، اور مجسٹریٹس پر مشتمل جائزہ کمیٹی بنائی تھی جنہوں نے مارکیٹ سروے اور دیگر امور کا جائزہ لیکر چیرمین پرائس کنٹرول کمیٹی سے نئے نرخناموں پر عملدرآمد کیلئے رپورٹ پیش کردی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر گلگت کے احکامات پر انچارج پرائس کنٹرول کمیٹی نے نوٹیفیکشن جاری کردیا، جو کہ میونسپل حدود میں فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، اور یہ نرخنامہ، پینافلیکس کے ذریعے شہر کے مصروف چوراہوں پر چسپاں کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو چکن کے گوشت کے سلسلے میں تازہ ترین نرخنامے کا علم ہوسکے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا میں خلاف ورزی کی خبریں دینے کی بجائے آپ مزکورہ دکاندار کا نام پتہ بتاکر الفا کنٹرول کو اطلاع کریں، آپ کا نام راز میں رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب پولٹری مالک یا ریٹیلر کے خلاف کاروائی کی جاسکے گی، واضح رہے گلگت میونسپل حدود میں پہلی مرتبہ پولٹری سیکٹر کو پرائس کنٹرول کمیٹی کے نیٹ میں لایا گیا ہے
