جناب وزیر اعظم ، پاکستان
تسلیمات!
یہ خط میں انتہائی دل گرفتگی اور ذہنی اذیت کی حالت میں لکھ رہا ہوں اور آپ کی فوری توجہ چاہتا ہوں۔ پاکستان کے پچاس ساٹھ قلم کاروں نے پچھلے چند گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر بلوچستان کےفعال ادیب، ایکٹویسٹ ، صحافی اور پبلشر عابد میر کی اسلام آباد سے گمشدگی کی خبر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عابد میر پاکستانی شہری ہیں لیکن ہمارے لیے وہ برصغیر کے ایک سرگرم صحافی اور ادب نواز شخص ہیں۔ ان کی اس طرح یکایک گم شدگی ہم سبھی کے لیے انتہائی پریشانی کا سبب ہے اور ہم سبھی اس اذیت میں اس وقت تک مبتلا رہیں گے جب تک ان کی بحفاظت بازیابی ممکن نہیں ہوتی۔برصغیر کے ادیب اپنے ممالک کی سیاست اور حکومتوں کی پالیسی پر تنقید کرنے کا اتنا ہی حق رکھتے ہیں جتنا حق پارلیمنٹ میں حزب ِاختلاف کے اراکین رکھتے ہیں ۔ آپ کو کئی باراسمبلی میں اشعار پڑھتے ہوئے سنا ہے جس سے آپ کی ادب نوازی اور ادب فہمی کا اندازہ ہوتا ہے۔ چنانچہ آپ سے امید وابستہ ہے کہ آپ ادیب کی آزادی اور حکومت کی پالیسی پر تنقید کے بنیادی حق کا دفاع کریں گے۔ آپ سے بھارت کے اس ادنیٰ سے ادیب کی التماس ہے کہ عابد میر کی گمشدگی کے مسئلے پر فوری توجہ مبذول کریں اور جو ادارے گم شدہ افراد کی بازیابی کے ذمے دار ہیں انھیں حرکت میں لائیں۔ عابد میر کے گھر کے افراد سے رابط کرکے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
رحمٰن عباس
ممبئی
