ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا صبح سویرے شہر کا تفصیلی دورہ، صفائی کی عمومی صورت حال کا جائزہ لیا، لوئر باری دوآب کے کناروں پر کوڑا پھینکنے کا نوٹس، کارپوریشن نہر کنارے کوڑا پھینکنے کی بجائے لینڈ فل سائٹ پر کوڑا ڈمپ کرے، کمشنر ساہیوال۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے صبح سویرے ویو ہوٹل چوک، اندرون جی ٹی روڈ، پاک پتن چوک، عارف والا چوک، گھوڑا چوک، فرید ٹاؤن روڈ، گرلز کالج روڈ اور جھال روڈ کے اطراف صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا اور سڑکوں کے کنارے گندگی کی موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیف آفیسر کارپوریشن کو نہر لوئر باری دوآب کے کناروں پر کوڑا پھینکنے کو سختی سے منع کر دیا اور ہدایت کی کہ شہر کا کوڑا لینڈ فل سائٹ پر ہی ڈمپ کیا جائے۔ انہوں نے اندرون جی ٹی روڈ اور جھال روڈ پر ٹرکوں کی پارکنگ اور بس اڈوں کی صفائی کی خراب صورت حال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین کو فوری کاروائی کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے تینوں اوور ہیڈ برجز کے نیچے اور اطراف کوڑا ڈمپ کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے فوری صاف کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے پروگرام کے تحت اکھاڑی گئی سڑکوں کی جلد مرمت کی ہدایت کی۔ سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تحت اب تک 24320گھروں تک پانی کے کنکشن پہنچا ئے جا چکے ہیں جو کل ٹارگٹ 43048کا52فی صد ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں نصب 45ٹیوب ویلز میں سے 29کی مرمت کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے جس سے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے۔
