کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ معاشی استحکام کی ضمانت ہے

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ معاشی استحکام کی ضمانت ہے اور حکومت پنجاب کاشتکاروں کو کپاس کی بہتر قیمت یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کپاس کی فصل کو منافع بخش بناے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ٹارگٹ کے مطابق کپاس کی کاشت کرنے سے صوبہ پنجاب میں 3ارب ڈالر کا فائدہ ہو گا اس لئے ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے سب کو اپنا اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے محکمہ زراعت پر زور دیا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر ماڈل بازار قائم کئے جائیں جہاں کاشتکاروں کو بیج اور سپرے کی مقررہ قیمت پر دستیاب ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت توسیع ساہیوال کی جانب سے کپاس زیادہ اگاؤ مہم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد شہباز اختر سمیت کپاس کے کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ کپاس کی فصل ملکی معیشت کے لئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور ٹیکسٹائل کے شعبہ کی ترقی کا انحصار بھی کپاس کی پیداوار پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل میں خودکفیل وقت کا تقاضا ہے اور کسان ملکی مفاد کے پیش نظر فصلات کی کاشت کریں تاکہ دوسرے ممالک پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی زرعی ضروریات خود پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری حکومتی مشینری، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لئے کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد شہباز اختر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کے بیج پر فی بیگز ایک ہزار روپے سبسڈی دے رہی ہے اور حکومت کی جانب سے کپاس کے فی من کی قیمت 85سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار حکومت کی جانب سے منظور شدہ بیج استعمال کریں تاکہ کپاس کو کیڑے مکوڑوں کے حملہ سے بچایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں