پروگرام کا آغاز جی این ایم آئی کی صدر ناجیہ اشعر نے معزز مہمانوں اور شرکاء کو خیر مقدمی کلمات پیش کرکے کیا۔
اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق دی گلوبل نیبر ہڈ فار میڈیا انوویشن (GNMI)اور انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا اینفورسمنٹ ایجنسی، امریکی محکمہ خارجہ (آئی این ایل) کےاشتراک سے “صنفی تشدد کی مؤثر رپورٹنگ ” کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ان ورکشاپس کا مقصد جنسی تشدد (GBV) کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنانا اور صحافیوں اورسوشل میڈیا پر کام کرنے والے افراد کوصنفی تشدد کا شکار افراد کی آواز مؤثر انداز میں زرائع ابلاغ کے زریعے عام لوگوں تک پہنچانے کی تربیت دینا تھا.ایک رجسٹرڈ ادارے کے طور پر جی این ایم آئی میڈیا، سول سوسائٹی، اور متنوع کمیونٹیز کے درمیان میڈیا سے متعلق خواندگی، انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے ، اورانکے حقوق کی مؤثر انداز میں ترویج کر رہا ہے ۔ جی این ایم آئی کا “صنفی انصاف کا پروگرام”، پنجاب میں صحافیوں اور ڈیجیٹل مواد تیار کرنے والوں میں صنفی بنیاد پر تشدد کے حوالے سے آگاہی فراہم کررہا ہے، اسکے علاوہ پنجاب میں دستیاب مددگار تنظیموں سے متعلق علم اور اس سے متعلق قانونی معاونت کے متعلق عوامی آگاہی کی ترویج کی
بھی کوشش کررہا ہے۔ 27 مئی 2023 کو مارگلہ ہوٹل، اسلام آباد میں منعقدہ پروگرام کا افتتاح پنجاب میں مقامی میڈیا کے پیشہ ور افراد کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو بڑھانے پر مرکوز تھا تاکہ صنف پر مبنی جرائم کی زیادہ درست اور مستند میڈیا کوریج کی جا سکے۔ پروگرام کا آغازجی این ایم آئی کی صدر ناجیہ اشعر نے معزز مہمانوں اور شرکاء کو خیر مقدمی کلمات پیش کر کے کیا ، انہوں نے صنفی بنیاد پر تشدد کے پھیلاؤ اور اس طرح کے معاملات کی رپورٹنگ میں میڈیا کے اہم کردار کی وضاحت کی ساتھ ہی اس طرح کے واقعات کا قلع قمع کرنے کے لئے کمیونٹییز اور خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی قوانین سے متعلق بیداری پیدا کرنےکے لئے ذمہ دارانہ اور حساس صحافت کی اہمیت پر زور دیا، محترمہ ناجیہ اشعر نے میڈیا کے پیشہ ور افراد کو صنفی تشدد کی رپورٹنگ میں فعال طور پر شامل ہونے کی ضرورت کو واضح کیا، اس اہم معاملے کا مقابلہ کرنے اور سماجی تبدیلی کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت کو اجاگر کیا.سینئر صحافی غریدہ فاروقی نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور جنسی تشدد کی شکار خواتین کے تحفظ کی اہمیت پر گفتگو کی ۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ہونے والی پیش رفت پر بات کرتے ہوئے ، محترمہ غریدہ نے اس بات کو واضح کیا کہ کس طرح خواتین کے خلاف گھریلو تشدد اور صنفی جرائم کو اب معاشرے میں گھناؤنا جرم سمجھا جاتا ہے، عالمی سطح پر میڈیا نمائندوں کی اجتماعی دانش اور بصارت کی بدولت آج صنفی تشدد کا شکار ہونے والوں کی شناخت ظاہر نا کرنے اور غیر سنجیدہ سوالات سے گریز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ انہوں نے صنفی تشدد کے بارے میں معاشرے کے رجعتی انداز پر تشویش کا اظہار کیا۔ مزید برآں، انہوں نے خواجہ سراؤں کو درپیش ظلم و ستم کی کم رپورٹنگ ہونے کے واقعات پر بھی روشنی ڈالی اور ان کی جدوجہد کے تئیں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلانے کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزارت قانون و انصاف کی نمائندگی کرتے ہوئے، جناب ڈائریکٹر جنرل خرم شہزاد نے پسماندہ سماجی اصولوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہیں ، انہوں نے اپنی گفتگو میں صنفی تشدد سے نمٹنے کے لیے حساس پالیسیوں کی اہمیت، ایسی جامع حکمت عملی کی ضرورت کو اجاگر کیا جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کا سدباب کرتی ہوں.صنفی حقوق کی ماہر ڈاکٹر فرزانہ باری نے غیر رسمی زرعی شعبے میں پاکستانی خواتین کی نمایاں شراکت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ لیبر فورس کے تازہ ترین سروے میں شمار کیا گیا ہے کہ محض 25فیصد خواتین ایک رسمی معیشت کے طور پر محنت کش طبقے سے تعلق رکھتی ہیں تاہم، غیر رسمی معیشت میں خواتین کی افرادی قوت کا حصہ رسمی معیشت سے تین گنا زیادہ ہے۔ ڈاکٹر باری نے خواتین کے خلاف تشدد (VAW) کی سزا کی شرح پر بھی تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ یہ اسکی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے۔ پروگرام کے افتتاحی سیشن کے بعد صحافیوں اورحاضرین کے ساتھ صنفی جرائم کی اخلاقی اور مستند رپورٹنگ اورصنفی تشدد کے قوانین کے صحافتی آگاہی، جبکہ شرکأ کو قانونی پہلوؤں سے روشناس کرنے کے ساتھ ورکشاپ مکمل کی گئی جسکی ٹرینر سینئر اینکر پرسن تنزیلہ مظہر تھیں جبکہ اس موقع پر سینئر صحافی ابصا کومل نے شرکأ میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ سوالات و جوابات کے سیشن میں شرکاء نے سلسلہ وار سوالات پوچھے اور گھریلو تشدد کے پھیلاؤ اوراس طرح کے کیسز میں خطرناک اضافے سے نمٹنے کے لیے سیر حاصل تبادلہ خیال بھی کیا.
