ملک بھر میں صفر لوڈشیڈنگ کیلئے کوشاں ہیں۔وفاقی وزیر توانائی

Spread the love

بجلی کے تمام منصوبے نواز شریف کے تحفے ہیں جن کے آج ثمرات مل رہے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور(نمائندہ نادیہ تبسم)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ ملک میں صفر لوڈ شیڈنگ ہو، ملک بھر میں بجلی کی یکساں قیمت کیلئے 150ارب کی سبسڈی دی جائے گی۔پیر کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیرنے کہا کہ کوشش ہے بجلی کی قیمت کم سے کم رکھیں، صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، فاٹا کے علاقوں میں 25ارب روپے کی بجلی کی مد میں ریلیف دیں گے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی 55ارب روپے کا ریلیف فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لئے 315ارب روپے کا ریلیف ہے، اس کے علاوہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کے لئے 58ارب روپیکا ریلیف وفاق دے گا اور ملک بھر میں یکساں نرخوں کے لئے 150ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور اتحادی حکومت نے بجلی کے مسائل حل کئے، ایک سال میں 5ہزار میگا واٹ بجلی پاکستان کے سسٹم میں آئی، بجلی کے تمام منصوبے نواز شریف کے تحفے ہیں جن کے آج ثمرات مل رہے ہیں۔خرم دستگیرنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک میگا واٹ کا منصوبہ بھی نہیں لگایا، موجودہ حکومت نے ملک کو دوبارہ روشنیوں کی جانب گامزن کر دیا ہے،وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی اور سستی بجلی پر توجہ دے رہے ہیں، کوشش ہے ملک میں صفر لوڈشیڈنگ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں