حافظ نعیم ہوگا میئر کراچی’’ ہیش ٹیگ ٹاپ ٹوئٹر ٹرینڈز میں شامل

Spread the love

یاد رہے کہ شہر قائد میں جمعرات 15 جون کو میئر کراچی کا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔

کراچی(نمائندہ وصال احمد)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق حافظ نعیم ہوگا میئر کراچی نامی ہیش ٹیگز ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں شامل ہوگیا۔شہر قائد میں جمعرات 15 جون کو میئر کراچی کا انتخاب ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے شہریوں  کی اکثریت جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کی کامیابی کی خواہاں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں شہر بھر میں سیاسی و سماجی حلقوں میں میئر کراچی کے لیے حافظ نعیم کی جدوجہد زیربحث ہے، وہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں کراچی سے وابستہ افراد کی گفتگو کا محور بھی امیر جماعت اسلامی کراچی ہی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ہیش ٹیگ ‘‘حافظ نعیم ہوگا میئر کراچی’’ مختصر وقت میں ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں شامل ہوگیا، جس سے شہر قائد کے حقوق کی جنگ لڑنے والے امیر جماعت اسلامی کراچی کی شہرت اور شہریوں کی ان سے امیدوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔شہر قائد کے باسیوں کی بڑی تعداد روشنیوں کے شہر کی ترقی اور انہیں درپیش مسائل کے خاتمے کے لیے دیگر جماعتوں سے مایوس ہوکر جماعت اسلامی کے امیدوار سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ اسی سلسلے میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اہلیان کراچی نے حافظ نعیم الرحمن سمیت جماعت اسلامی کے دیگر امیدواروں کو اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ووٹ دیے، جس سے تمام حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود جماعت اسلامی خود کو شہر کی بڑی سیاسی جماعت ثابت کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔جماعت اسلامی کی کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں شان دار کامیابی شہر کے داغ دار سیاسی منظر نامے پر اُمید کی ایک کرن کی طور پر سامنے آئی ہے، جس کا اعتراف نہ صرف مخالف سیاسی جماعتیں بھی کر چکی ہیں  بلکہ شہر قائد میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر شہر کی ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی کامیابی دراصل شہر کے حقوق کی جنگ میں حافظ نعیم الرحمن کی جدوجہد، استقامت کا نتیجہ ہے۔ اداروں کے خلاف قانونی جنگ ہو یا بنیادی حقوق کی فراہمی کی تحریک، حافظ نعیم الرحمن نے سڑکوں سے لے کر عدالتوں تک شہریوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے بھرپور استقامت کے ساتھ جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے معاشی حب کو بے امنی سمیت دیگر درپیش مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے۔شہر کا بچہ بچہ امیر جماعت اسلامی کی قائدانہ خوبیوں اور عوامی خدمت کا معترف ہے، جس کی وجہ واضح ہے کہ حافظ نعیم الرحمن کبھی کسی بازار میں شہریوں کے دکھ درد میں شریک نظر آتے ہیں تو کبھی کسی گلی محلے میں عوام کی دادگیری کرتے ہیں۔ کبھی کسی جنازے کو کندھا دیتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی کسی خوشی میں شریک ہوکر اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ طبی شعبے ہوں یا کھیل کے میدان، کسی بھی عمر کے افراد ہوں، حافظ نعیم الرحمن نے شہر سے محبت کا حق ادا کرتے ہوئے ہر طبقے کے دل میں اپنا گھر کیا ہے۔میئر کراچی کی جنگ میں شہر کی ترقی کے لیے کراچی کے ہر زبان بولنے والے عوام بے صبری سے نتائج کے منتظر ہیں کہ وہ حافظ نعیم الرحمن کو میئر کراچی دیکھنا چاہتے ہیں۔ ٹی وی شوز ہوں، سوشل میڈیا پر مباحثے ہوں یا اخباری بیانات، جماعت اسلامی کے میئر کراچی کے امیدوار نے مسائل سے نمٹنے کے علاوہ شہر کی ترقی کے لیے تمام رکاوٹوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ماضی میں اختیارات کا رونا رونے والوں کے برعکس تعلیم، صحت، بلدیاتی مسائل کے حل سمیت دیگر تمام شعبوں میں شہر قائد کو روشنیوں کا شہر دلانے کے لیے ہرممکن کردار ادا کریں گے۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات اور بعد ازاں اس سلسلے میں ہونے والی سرگرمیوں پر مختلف اداروں کی جانب سے سروے بھی کیے گئے، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے حافظ نعیم الرحمن ہی کو میئر کراچی کے طور پر منتخب ہونے کی خواہش کا اظہار کیا بلکہ امید ظاہر کی کہ ماضی میں دیگر جماعتوں کو آزمانے کے بعداب وہ مایوس ہو چکے ہیں اور جماعت اسلامی کے امیدوار ہی کو شہر کی مثبت ترقی کے لیے اپنی امید کا محور سمجھتے ہیں۔شہریوں کا  کہنا ہے کہ حالیہ بلدیاتی الیکشن اور اب میئر کراچی کا انتخاب شہر کی ترقی کے لیے اہم موڑ ثابت ہوگا۔ ایک جانب جہاں کئی چیلنجز درپیش ہیں، حکومتی سطح پر جماعت اسلامی کا میئر آنے سے روکنے کے لیے پولیس سمیت طاقت کے تمام دیگر غیر قانونی ذائع استعمال کیے جا رہے ہیں، وہیں حافظ نعیم الرحمن کروڑوں شہریوں کی حمایت کے ساتھ استقامت کا پہاڑ بنے عوام کی امیدوں کا مرکز بنے ہیں۔میئر کراچی کے انتخاب سے ایک روز قبل ہی ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ‘‘حافظ نعیم ہوگا میئر کراچی’’ کا ٹاپ ٹرینڈ پر جانا بھی اسی بات کا مظہر ہے کہ نہ صرف شہر بلکہ ملکی و عالمی سطح پر کراچی سے محبت اور کسی بھی حیثیت سے تعلق رکھنے والے افراد جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ہی کو میئر کراچی دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں