چیئرمین سینیٹ اور بلوچستان کے نام نہاد منتخب نمائندے قوم کے نمائندے نہیں بلکہ اپنے پیٹ اور اپنی مراعات کے نمائندے ہیں۔سربراہ حق دو تحریک گوادر
کوئٹہ(نمائندہ عائشہ اکبر)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق حق دو تحریک گوادر کے سربراہ اور جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکریٹری جنرل ہدایت الرحمن بلوچ نے وزیر اعلی بلوچستان کو زندہ لاش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا مسلط کردہ یہ وزیر اعلی دن رات سوتا ہے بیڈ روم سے ہی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر چکا ہے ۔مولانا ہدایت الرحمن نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ اور بلوچستان کے نام نہاد منتخب نمائندے قوم کے نمائندے نہیں بلکہ اپنے پیٹ اور اپنی مراعات کے نمائندے ہیں، بلوچستان میں ہونے والے بدترین مظالم کے یہ سب ذمہ دار ہیں جنہوں نے گرفتار کیا ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کر کے جیل سے باہر آیا ہوں ورنہ ایک دو دن سے زیادہ جیل میں نہ رہتا ۔رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی جانب سے بھی اہل بلوچستان پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، کوئی ہماری بات نہیں سنتا ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم پانی ، صحت ، بجلی ، عزت مانگتے ہیں۔بلوچستان وہ صوبہ ہے جہاں کی چیک پوسٹوں پر خواتین کی بھی تضحیک و توہین کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ 15 سالوں سے لا پتہ افراد کے لواحقین کوئٹہ میں دھرنا دئیے ہوئے ہیں اور ایک دن کے لیے بھی احتجاج ختم نہیں کیا ۔ حق نہیں دو گے تو عوام کو سڑکوں پر آئیں گے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم پاک چین اقتصادی راہداری اور چین کے مخالف نہیں ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ اہلیان گوادر کی پیاس بجھے ، وہاں پینے کا پانی نہیں ہے ، سکول اور ہسپتال نہیں ہیں ، سرمایہ داروں کی جانب سے ماہی گیروں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں میں خود ایک ماہی گیر کا بیٹا ہوں مجھ سے زیادہ ماہی گیروں کو مسائل کو کوئی نہیں سمجھتا ہو گا۔سرمایہ داروں کے بڑے بڑے ٹرالر ماہی گیروں کی نسل کشی پر تلے ہوئے ہیں ۔ بلوچستان میں ٹافی کی طرح منشیات فروخت ہوتی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں سمندری ڈاکوؤں کو لگام ڈالی جائے ۔ منشیات کے اڈے ختم کئے جائیں جو دن کے اجالے میں بھی یہ زہر پھیلا رہے ہیں۔
