بچوں سے زیادتی کے زیادہ تر کیسز میں اہل علاقہ اور قریبی افراد ملوث ہوتے ہیں۔ایس ایس پی انسویسٹی گیشن انوش مسعود
لاہور(نمائندہ نادیہ تبسم)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور انوش مسعود کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی کے بیشتر واقعات ان بچوں کے ساتھ ہوتے ہیں جو گھروں سے باہر آزادانہ آتے جاتے ہوں۔پنجاب میں بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے پر جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور انوش مسعود نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے زیادہ تر کیسز میں اہل علاقہ اور قریبی افراد ملوث ہوتے ہیں۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور انوش مسعود کا کہنا تھا کہ جنسی زیادتی کے بیشتر واقعات ان بچوں کے ساتھ ہوتے ہیں جو گھروں سے باہر آزادانہ آتے جاتے ہوں، زیادتی کے واقعات روکنے کے لیے شعور بڑھانا ہو گا۔ماہر نفسیات پروفیسر ڈاکٹر صائمہ داؤد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اس سے پہلے بچوں سے زیادتی کے واقعات پر لوگ بات نہیں کرتے تھے، شعور بڑھنے کے باعث ہی کیس رپورٹ ہونا شروع ہوئے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر صائمہ داؤد کا کہنا تھا بچوں کو محفوظ کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ بچیوں کو محفوظ کرنا ضروری ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ پنجاب کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پنجاب میں بچوں سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، زیادتی کا شکار ہونے والوں میں لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکوں کی تعداد زیادہ ہے۔محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق لڑکوں سے زیادتی کا تناسب 69 فیصد جبکہ لڑکیوں سے زیادتی کا تناسب 31 فیصد رہا، جنسی زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات گوجرانوالہ میں رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ بیشتر متاثرہ خاندان مقدمات کے خوف اور زیادتی پر شرمندگی کے باعث کیس درج ہی نہیں کراتے، والدین کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنائے گئے بچوں کا میڈیکل نہ کرانا بھی کیس کے اندراج میں رکاوٹ ہے۔
