سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کی درخواست پر ملازمتوں سے متعلق جاری مختلف اشتہارات کو بھی معطل کردیا۔
کراچی(نمائندہ رخسار بٹ)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں بھرتیوں سے روک دیا۔سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 140 سے زائد محکموں میں سندھ حکومت کی بھرتیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ایم کیو ایم کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سندھ حکومت قانونی تقاضے پورے کیے بغیر بھرتیاں کررہی ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو نوکریوں سے نوازا جارہا ہے۔درخواست گزار میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کی مدت 11 اگست 2023 کو ختم ہورہی ہے اور ان کا یہ عمل الیکشن سے قبل دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں بھرتیوں کے سلسلے کو روک دیا اور ملازمتوں سے متعلق جاری مختلف اشتہارات کو بھی معطل کردیا۔عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر کو 30 اگست کے لیے نوٹس بھی جاری کردیے۔
