وزیرآباد(ملک طارق جاوید) سانحہ جڑانوالہ کی انتہائی مذمت کرتے ہیں، وزیرآباد میں باشعور عوام نے اس سانحہ پر پرامن اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا۔ پاکستان مسیحی برادری کے بھی ووٹ سے بنا، محسنوں کے ساتھ یہ رویہ قابل افسوس ہے۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے مسیحی برادری نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کیلئے خون دیا ہے، ہم یہ قربانیاں اور وطن کی خدمت ہرگز نہیں بھول سکتے ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی سرکل وزیرآباد چوہدری سعید احمد نے ممبران امن کمیٹی وزیرآباد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوے کیا۔ جڑانوالہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں گی، ہمارے مذہب میں عبادت گاہوں کے احترام کا درس دیا گیا ہے کسی ایک فرد کا فعل پوری کمیونٹی کا فعل نہیں ہوتا۔اس موقع پرضلعی امیر جماعت اسلامی ناصر محمود کلیر،ممبرز امن کمیٹی ملک محمد یوسف چاند،احمد یار وڑائچ،قاری سعید احمد ارشد،میاں محمد اقبال،سید مدثر شاہ بخاری،محمد اکبر بٹ،مرزا غلام مصطفی،علامہ محمد عمران کیلانی،حماد الدین صدیقی، قاضی اختیار علی،مہر عتیق الرحمان،خالد مجید،وکٹر مسیح ودیگر بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم مذہبی ہم آہنگی اور تمام عقیدوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے تحفظ کے علمبردار ہیں پاکستانی ریاست اقلیتوں کو مساوی حقوق اور تحفظ دینے کی پابند ہے،اشتعال انگیزی اور انتہا پسندی کسی کے حق میں نہیں۔انہوں نے کہا قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ایسے واقعات قومی ندامت اور شرمندگی کا باعث بنتے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو داغدار کرتے ہیں، کسی شہری کے کسی حق یا کسی قانون کی خلاف ورزی ہو تو قانون کا راستہ اپنانا لازم ہوتا ہے، ہر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو معاشرہ جنگل بن جائے گا
