وزیرآباد(طارق جاوید ملک) بجلی بلوں کے سلیب ریٹس میں اضافے نے جوائنٹ فیملی سسٹم تباہ کردیا نئے کنکشن رشوت وصولی کے بغیر جوئے شیر لانے کے مترادف، بے پناہ حکومتی اضافوں کیساتھ ساتھ گیپکو کی جانب سے ڈی ٹیکشن اور تصحیح بلوں کے نام پر بھاری بھر کم بلوں کا اجراء، صارفین ذہنی توازن کھونے لگے۔ بل بھریں یا بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کریں،مردوں کے بعد گھریلو خواتین بھی بلوں کی پریشانی کیساتھ گیپکو واپڈا دفاتروں کے چکروں میں الجھ کر رہ گئیں۔ حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں بدترین اضافے نے جہاں ملک بھر کے صارفین بجلی کو سخت اذیت اور مالی مشکلات سے دوچار کررکھا ہے وہیں گیپکو عملہ کی جانب سے میٹروں کی خرابی کے نام پر ڈی ٹیکشن بلوں کی پالیسی اور تصحیح بلوں کی آڑ میں اضافی رقوم ڈالکر صارفین کا معاشی استحصال کیا جارہا ہے۔ کام کاج روزگار کی فکر میں گھروں سے نکلنے والے مردوں کے بعد گھریلو خواتین کی بڑی تعداد بھی گیپکو دفاتر میں ذلیل و خوار ہوتی نظر آتی ہے۔ سب ڈویژنوں کا عملہ فرضی کارکردگی کی خاطر صارفین کو پریشان کرتا جبکہ افسران بھی ٹرخا کر بھجوادیتے ہیں۔ نو عمر افسران کو صارفین سے ڈیلنگ کے آداب بھی نہیں آتے جو صارفین کو مطمئن کرنے کی بجائے اپنی غفلت اور غلطیاں بھی حکومتی کھاتوں اور سسٹم پر ڈالتے ہوئے عوامی نفرت میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے جوائنٹ فیملی سسٹم کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ ایک گھر میں جہاں چار پانچ خاندان رہائش پذیر ہوں کی ساری آمدن بجلی بلوں میں پوری ہو جاتی ہے۔ علیحدہ نئے کنکشنوں کی درخواستوں پر قوانین کی آڑ میں لوگوں کو ذلیل و خوار کیا جاتا ہے اور ڈیمانڈ نوٹس اگر جاری کربھی دیئے جائیں تو بروقت جمع کروانے کے باوجود دو دو ماہ تک صارفین کے بجلی میٹر نہیں لگائے جاتے۔ شہریوں نے حکومت اور واپڈا کی ناانصافیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
