سٹی ٹریفک پولیس کی نظر صرف چالانوں کا ہدف پورا کرنے پر لگ گئی

Spread the love

وزیرآباد (نامہ نگار) سٹی ٹریفک پولیس کی نظر صرف چالانوں کا ہدف پورا کرنے پر لگ گئی۔چنگچی مالکان اور ٹیکسی ڈرائیورز نے جگہ جگہ ناجائز اڈے بنا لئے۔شہریوں اور ایمرجنسی میں ایمبولینسز کو شدید دشواری کا سامنا۔ وزیرآباد شہر میں سٹی ٹریفک پولیس کی ساری توجہ عوام کے چالان کرنے کی طرف رہنے لگی اور روزانہ کی بنیاد پر چالان کا ہدف پورا کرنے کی کوشش جبکہ ان کی مصروفیت اور شہریوں کے ٹریفک کے حوالہ سے مسائل دن بدن بڑھنے لگے چنگچی ڈرائیورز اور ٹیکسی ڈرائیورز نے سٹی ٹریفک پولیس کی عدم توجہ کے باعث جگہ جگہ ناجائز اڈے قائم کر لئے جس میں لاہوری دروازہ،پرانا کچہری چوک جی ٹی روڈ پر واقع احمد نگر چوک شامل ہیں۔ناجائز اڈوں کے باعث ہر وقت ٹریفک جام رہنے لگی اور پیدل چلنے والے لوگوں کے ساتھ کاروباری حضرات شدید مشکلات کا شکار ہونے لگے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کی عدم توجہ کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہونے کے باعث دور دراز کے علاقوں سے ٹی ایچ کیو اسپتال میں مریضوں کے لے کر آنے والی ایمبولینسز کو ہر وقت شدید رش کے باعث دشواری کا سامنا رہنے لگا۔اس حوالہ سے جب سٹی ٹریفک پولیس سے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ عملہ کی کمی کے باعث شہر بھر میں توجہ نہیں دے سکتے۔ شہر کی سیاسی سماجی تنظیموں نے ایس پی سٹی ٹریفک پولیس اور آر پی او گوجرانوالہ سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں