ساہیوال(چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں بیورو چیف)اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل محمدسلیم قیصر، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے ہیڈ آف اردو ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر افتخار شفیع، اورپرنسپل رائل اکیڈمی عرفان ساجد سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق نے کہا کہ قوموں کی ترقی اساتذہ کی محنت سے مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد نہ صرف اپنے طالبعلموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتا ہے بلکہ ان کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھا استاد اپنے طالب علموں کی شخصیت پر گہرے اثرات مرتب کرتاہے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل قیصر سلیم نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کو پروان چڑھانے میں ٹیچر کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ معیاری تعلیمی سہولیات کے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ استاد روحانی باپ ہوتا ہے اور اپنے شاگردوں کی تعلیم و تربیت اپنی اولاد کی طرح کرتا ہے۔یہی وجہ کہ استاد کا دنیا کے ہر خطے میں دل سے احترام کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے اساتزہ کو بلند مقام دیتی ہیں وہ بہت جلد ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ ڈاکٹر افتخار شفیع نے کہا کہ زندہ اور عظیم قومیں اپنے اساتذہ کو بلند مقام اور مرتبہ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ استاد ہر دور میں عظیم رہا ہے اور لوگ دل سے اپنے اساتذہ کا احترام کرتے ہیں۔ پرنسپل رائل اکیڈمی عرفان ساجد نے کہا کہ استاد کو معاشرے میں روحانی والدین کا درجہ حاصل ہے اور اسلام میں استاد کا رتبہ والدین کے رتبے کے برابر قرار دیا گیا ہے کیونکہ دنیا میں والدین کے بعد اگر کسی پر بچے کی تربیت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تووہ معلم یقینی استاد ہے۔مس عشرت نے کہا کہ ساری دنیا استاد کی تکریم کرتی ہے یہ وہ شعبہ ہے جسے سب سے زیادہ احترام دیا جاتا ہے۔
