کمشنر ساہیوال کی عمارتوں کو فیس ادا کئے بغیر کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں رہائشی عمارتوں کو فیس ادا کئے بغیر کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی، کسی رہائشی عمارت کا غیر قانونی استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا تاہم مالکان کی سہولت کے لئے کمرشل فیس کی وصولی قسطوں میں کرنے کا جائزہ لیا جائے، میونسپل آفیسر کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ ذیب، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے ذرائع آمدن بڑھانے کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور شہریوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری واجبات خوش دلی سے ادا کرنے چاہیں۔ انہوں نے شہر کی کمرشل مارکیٹوں اور بازاروں میں پختہ تجاوزات گرانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اگلے2روز میں نوٹسز کی معیاد ختم ہونے کے بعد بھرپور آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی نشاندہی پر سردیوں میں شہر کے کمرشل علاقوں میں ویسٹ (کوڑا) جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے کارپوریشن کے متعلقہ عملے کو سخت اقدامات اٹھانے اور آلودگی پھیلانے والے ایسے واقعات میں ملوث دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم ستمبر سے اب تک بلڈنگ پلان منظور کرانے کے لئے 63درخواستیں جمع کرائی گئیں جن میں سے44کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ کاروبار میں استعمال ہونے والی110غیر منظور شدہ عمارتوں کو نوٹسز بھی دیے گئے ہیں جن میں سے61نجی سکول، 41بنک اور8چائے خانے شامل ہیں۔ ان میں سے مقررہ معیاد گزرنے کے بعد 36عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں یا ان کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کمرشلائزیشن کے لئے جاری کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے بلاتفریق جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سرکاری سکولوں اور کالجوں میں واٹر ٹینک کی صفائی کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور اگلے مرحلے میں سرکاری دفاتر کی واٹر ٹینک بھی صاف کرنے کا ٹاسک دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں