
جہلم(اختر شاہ عارف)آج محلہ عباس پورہ جہلم میں پروفیسر(ر)قدرت علی سیالوی کی زیرِ صدارت ان کی رہائش پر محفلِ میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔جس میں کرنل(ر) محمد عبید مرزا،ڈاکٹر محمد اسد مرزا،کلیم اللّٰہ اورسید اختر علی شاہ کے علاوہ شہر بھر کی معزز شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس بابرکت اور پاک محفل کی نقابت کے فرائض علامہ عادل فاروق صاحب نے نہایت خوبصورت انداز میں سر انجام دیئے۔محفل میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت حافظ حماد صاحب نے حاصل کی۔ جس کے بعد عمران صاحب سمیت محفل میں موجود بہت سے نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت صلعم میں ہدیہ نعت پیش کرتے ہوئے نبی کریم صلعم سےاپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔علامہ حماد صاحب اور پروفیسر قدرت علی سیالوی سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے لیئے وہ مینارہ نور ہیں۔جس کی روشنی میں ہم اپنی زندگیوں کا تعین کر کے دنیا اور آخرت میں فلاح پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم تمام جہانوں کے لیئے رحمت بن کر آئے۔ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی ہیں۔
آخر میں اس پاک محفل کے صدقے میں تمام بیماروں بالخصوص سیدہ شاہدہ شاہ،سید اختر علی شاہ،ڈاکٹر گلشن حقیق مرزا اور ڈاکٹر طارق مرزا کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اور تمام مرحومین کی مغفرت کے لیئے دعا مانگی گئی۔
اس پاک اور بابرکت محفل کے اختتام پر تمام حاضرین کے لیئے نیاز(طعام) کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس کے بعد یہ تقریب اختتام پذیر ہو گئی ۔
