جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم ضلع بھر سے غیر قانونی افغانیوں کا انخلاء شروع ہوگیا، روزانہ کی بنیاد پر افغانیوں کے خاندان اپنے ساز و سامان کے ساتھ افغانستان رضا کارانہ طور پر جاناشروع ہوگئے، جبکہ غیر قانونی افغانی اپنے گھر یلو سامان و دیگر مشینری وغیرہ اونے پونے داموں میں فروخت کر رہے ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق ضلع جہلم میں غیر قانونی افغانیوں کی تعداد818 کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ سینکڑوں کے قریب وہ افغانی ہیں جن کو نادارا نے پی او آر کارڈ جاری کر رکھے ہیں اور یہ وہ افغانی ہیں جو اقوام متحدہ کے فیصلے اور چارٹر کے مطابق پاکستان منتقل ہوئے تھے، معاہدے کے مطابق ان پی آو آر افغانیوں کو کیمپوں میں رکھا جانا تھا مگر پاکستان حکومت نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ملک کو ان افغانیوں کیلئے اپنا دامن نچھاور کر دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے پاکستان بھر میں غیر قانونی طور پر رہنے والے غیر ملکیوں کی ملک بدری کو یقینی بنانے کیلئے فارن ایکٹ 1946ء کا سیکشن 3 نافذ کرنے کی منظوری دیدی ہے، جس کے تحت یکم نومبر سے ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی گرفتاریوں اور ملک سے بے دخلی کے احکامات جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
