
( رپورٹ صابرہ ناہیدمانچسٹر )
اپواء مانچسٹر کی AGM اور جنرل سیکریٹری بیگم نصرت احمد اور جوائنٹ سیکرٹری در شہوار دادا کے ایصال ثواب کیلئے پاکستانی قونصلیٹ میں خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا ۔ پروگرام کی صدارت چیرپرسن بیگم نازیہ طارق وزیر نے کی اور موجودہ جنرل سیکرٹری بیگم صابرہ ناہيد نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز مریم ندیم نے قرآن کریم کی تلاوت سے کیا ۔ جنرل سیکرٹری صابرہ ناہید نے اے جی ایم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور نصرت احمد اور در شہوار کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ۔ چیرپرسن بیگم نازیہ طارق نے تمام مہمانوں کو خوشآمدید کہتے ہوئے بتایا کہ ان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا پروگرام ہے کیونکہ کوڈ 19 اور پھر ممبران کی علالت کی وجہ سے ہم AGM اور کئی دوسرے پروگرام نہ کروا سکے اور اسی دوران ہماری جوائنٹ سیکرٹری در شہوار اور جنرل سیکریٹری بیگم نصرت احمد دونوں اس جہان فانی سے رخصت ہوگئیں جس کا مجھے اور میری پوری ٹیم کو بہت افسوس ہے ۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے ۔ موجودہ جنرل سیکرٹری صابرہ ناہید نے کہا کہ ہم دونوں کو کبھی بھی فراموش نہیں سکتے ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی ۔ وائس چیئرپرسن بیگم عابدہ غزنوی نے نصرت احمد کی وفات کو ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے ان کی اپواء کے لئے خدمات کو سراہا اور نئی جنرل سیکرٹری صابرہ ناہید کی تعیناتی کا اعلان کیا۔ جوائنٹ سیکرٹری رضیہ بالم نے بیگم نصرت اور بیگم در شہوار کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا اور نئی سیکرٹری کو مبارک باد پیش کی ۔ ایگزیکٹو ممبر بیگم شاہدہ اختر اور بیگم ماہم آفتاب نے مہمانوں کی رجسٹریشن کی اور اپواءکی ممبر شپ لینے والوں کو خوش آمدید کہا ہے ۔ نئی ممبرشپ لینے والوں میں بیگم نصرت احمد کے فیملی ممبر بھی شامل ہے ۔ AGM کے موقع پر بیگم نصرت احمد کی فیملی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ۔ جن میں ان کی بہو صائمہ ندیم ، پوتیوں میں مریم ندیم ، عمارہ ندیم ، بہن رضیہ ، بھابھی ثروت نے شرکت کی اور بیگم نصرت کی زندگی کے اہم واقعات سے لوگوں کو آگاہ کیا ۔ کینیا سے انگلینڈ آنے اور جانفیشانی سے کام کرنے ، کونسل اور پولیس میں کام کرنے ، پناہ گذینوں کی مدد کرنےاوراپواء جوائن کرنے اور غریب و نادار لوگوں کی خدمت کرنے واقعات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ لوگوں کی خدمت کرنے سے انھیں بہت خصوصی ملتی تھی ۔ ہر کسی سے محبت سے پیش آتی تھیں۔ ان کی بہو صائمہ نے گلوگیر آواز میں ان کے اور در شہوار کے لئے دعا کی ۔ دونوں کے لئے سورت یسین اور درود تنجینا پڑھا گیا ۔ مانچسٹر اور گردونواح نواح سے خواتین کی اہم شخصیات جن میں سابقہ میئر بری شاہینہ ھارون بھی شامل تھیں نے تقریب میں شرکت کی اور کثیر تعداد نے اپواء مانچسٹر کی ممبرشپ لی۔ جنرل سیکرٹری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ قونصلیٹ کے خصوصی تعاون کو سراہا۔ اور فلسطین کے لئے خصوصی دعا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ بعد میں طعام کا انتظام بھی کیا گیا۔
