سپیشل بچے ہمارے معاشرتی گلشن کے خوش رنگ پھول ہیں

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد اثصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف) سپیشل بچے ہمارے معاشرتی گلشن کے خوش رنگ پھول ہیں جو صلاحیتوں کی دولت سے مالا مال محبت اور توجہ کے حقدار ہیں۔حکومت پنجاب ان کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے لیے گرانقدر اقدامات اٹھا رہی ہے۔سپیشل ایجوکیشن اداروں میں ماہر معلمین اپنی تمام تر مہارتوں کو کام میں لاتے ہوئے ان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوھدری محمد اکرام اور ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن شہباز علی نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے گورنمنٹ سپیشل سنٹر چیچہ وطنی کے زیرِ اہتمام ٹی ایم اے ھال میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔متاثرہ سماعت، نابینا، جسمانی معذور اور ذہنی کمزور بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جنہیں شرکاء نے بہت سراہا۔پرنسپل ڈاکٹر عبد الکریم، چیئرمین سکول مینجمنٹ کونسل رانا خالد محمود، ایکسپرٹ سپیچ اینڈ آٹزم سدرہ نعیم، پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سکول کمالیہ بشیرربانی،سماجی شخصیات،معلمین، سپیشل بچوں اور ان کے والدین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔سی ای او چوہدری محمد اکرام نے کہا کہ سپیشل بچوں کو والدین یا معاشرے پر بوجھ سمجھنے کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ھے۔ انہوں نے کہا کہ محبت اور توجہ کے مستحق ان بچوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈی ای او شہباز علی نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر چیچہ وطنی کے معلمین کی بہترین کارکردگی کو ضلع بھر میں قابل ستائش قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں