الیکشن کمیشن نگران حکومت کی نگرانی کرتا ہے، اس سے باز پُرس نہیں کرسکتے۔وزیر اطلاعات

Spread the love

ملک میں انتخابات کرانے کا واحد ذمے دار آئینی ادارہ الیکشن کمیشن ہے جو آئین وقانون کی روشنی میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔مرتضیٰ سولنگی 

اسلام آباد(نمائندہ امبرین بلوچ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہےکہ الیکشن کمیشن کی نگرانی نہیں کرسکتے بلکہ کمیشن نگران حکومت کی نگرانی کرتا ہے۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک میں انتخابات کرانےکا واحد ذمے دار آئینی ادارہ الیکشن کمیشن ہے جو آئین وقانون کی روشنی میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرےگا۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے باز پُرس نہیں کرسکتے اور نہ ہی اس کی نگرانی کرسکتے ہیں، درحقیقت الیکشن کمیشن نگران حکومت کی نگرانی کرتا ہے، کسی کو شکایت ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرسکتا ہے۔مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، پاکستان کے اندر آئینی حکومت ہے اور ہم آئینی عمل کی پیداوار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 19 اور 19 اے کے تحت ہر ایک کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے، میڈیا آزاد ہے، اس پر کسی قسم کی پابندی نہیں، تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو تنقید کا حق حاصل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں