نئے ٹیوب ویلز کی تعمیر اور واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سے شہریوں کو صاف پانی کی وافر دستیابی ممکن ہوگی،کمشنر ساہیوال

Spread the love

چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف ساہیوال
ساہیوا ل:کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر میں نئے ٹیوب ویلز کی تعمیر اور واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سے شہریوں کو صاف پانی کی وافر دستیابی ممکن ہوگی جس سے پیٹ کی بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکے گا۔ اب شہریوں کو چاہیے کہ وہ صاف پانی ضائع نہ کریں اور ہمیشہ فلٹر سے پانی استعمال کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے روزانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک،اے سی جنرل علیزہ ریحان،ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے یونین کونسل نمبر9 عنائت الہٰی کالونی میں شہریوں کی طرف سے پانی کے کنکشن کم لگوانے کے رجحان پر تشویش ظاہر کی اور کارپوریشن کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو صاف پانی کے کنکشن حاصل کرنے پر مائل کریں۔ اجلاس میں ایکسین میاں افتخار احمد نے بتایا کہ ساہیوال بائی پاس پر زیر تعمیر اوورہیڈ برج پر کارپیٹنگ کا کام مکمل کر لیا گیاہے اور اب 3.44کلو میٹر سڑک کی کارپٹنگ شروع کی جائے گی جو اگلے ہفتے مکمل ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال بائی پاس فیز II کا 96 فی صد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے بائی پاس کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر محکمہ ہائی وے کے افسران کی دن رات کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اس بائی پاس سے ہیوی ٹریفک کو فائدہ ہوگا اور شہریوں کو بھی متبادل ذرائع میسر آئیں گے۔ سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ فرید ٹاؤن میں 27انچ سیوریج لائن کی تنصیب آخری مراحل میں ہے اور اب تک186میں سے172پائپ لگائے جا چکے ہیں جو92فیصد ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ سڑک کی مرمت کا کام بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات ختم ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں